ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / نارتھ کینرا مسلم یونائٹیڈ فورم کے اجلاس میں پرسنل لاء بورڈ کی مکمل حمایت کرنے کا فیصلہ

نارتھ کینرا مسلم یونائٹیڈ فورم کے اجلاس میں پرسنل لاء بورڈ کی مکمل حمایت کرنے کا فیصلہ

Tue, 08 Nov 2016 15:18:40    S.O. News Service

کاروار8؍نومبر (ایس او نیوز) نارتھ کینر امسلم یونائٹیڈ فورم کی ایک اہم میٹنگ اردو ویلفئیر ٹرسٹ کے دفتر میں منعقد ہوئی۔ مولانا محمد حسین گیما کی تلاوت کلام پاک سے مجلس کا آغاز ہوا جس کی صدارت امتیاز شیخ صدر فورم نے کی۔

یکساں سول کوڈ اور مسلم پرسنل لاء کے مسئلے پر مختلف زاویوں سے بحث ہوئی۔ یکساں سول کوڈ کی مخالفت اور مسلم پرسنل لاء کی حمایت میں ایک میمورنڈم ڈپٹی کمشنر کو دینے کی تجویز تھی جسے اس بنا پر ملتوی کردیا گیا کہ ابھی اس طرح کی کوئی ہدایت مسلم پرسنل لاء بورڈ کی طرف سے موصول نہیں ہوئی ہے۔ شرکائے اجلاس نے اس بات کو محسوس کیا کہ عام مسلمان اور خاص کر عورتوں کو مسلم پرسنل لاء اور یکساں سول کوڈ کے تعلق سے بنیادی اور ضروری جانکاری نہیں ہے۔ پورے ضلع میں چند ایک مقامات کو چھوڑ کر اس سلسلے میں کوئی بیداری نہیں ہے۔ اس لئے فیصلہ کیا گیا کہ نارتھ کینرا مسلم یونائٹیڈ فورم کی تعلقہ یونٹس اپنے اپنے مقامات پر اس موضوع پر عوامی بیداری کے لئے اجلاس منعقد کریں جس میں خواتین کو بھی شامل رکھا جائے۔کاروار ، انکولہ اور ہلیال ڈانڈیلی کی تعلقہ یونٹس کی طرف سے فوری طور پر اس کو منظور کیا گیا۔ اور ان شا ء اللہ آئندہ ہفتے اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اس کے علاوہ ہلیال کے نوجوانوں کے ایک گروپ کی طرف سے وہاں کے مسلمانوں کے سماجی و معاشی سروے مہم کی ایک جھلک حاضرین کے سامنے پیش کی گئی جو بے حد پروفیشنل انداز میں کی جارہی ہے۔ اراکین نے اس کوشش کو سراہتے ہوئے اس کام کو پورے ضلع میں انجام دینے کی ضرورت پر زور دیا۔اجلاس میں موجود ڈی ڈی پی آئی دفتر کے افیسر جناب شمس الدین نے اراکین کے سامنے اقلیتوں کے لئے حکومت کی جانب سے حاصل ہونے والی مختلف اسکیموں کا خاکہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ دیگر اقلیتیں اس کا بھرپور فائدہ اٹھاتی ہیں ، مگر مسلمان اس سلسلے میں بہت پیچھے ہیں۔اس لئے عام مسلمانوں میں اس کے بارے میں بیداری لانا چاہیے۔

اس موقع پرحکومت کرناٹکا کی طرف سے راجیہ اتسوا ایوارڈ پانے والے فورم کے ایک فاونڈر ممبر جناب نذیر احمد یو شیخ کی گلپوشی اور تہنیت بھی کی گئی۔جنرل سکریٹری فورم جناب محسن قاضی کے ہدیۂ تشکر اور امتیاز شیخ کے صدارتی کلمات پر جلسہ اختتام پذیر ہوا۔


Share: