ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / نئے لوک آیوکتہ رشوت خور عناصر سے سختی سے نمٹیں: شٹر

نئے لوک آیوکتہ رشوت خور عناصر سے سختی سے نمٹیں: شٹر

Fri, 27 Jan 2017 11:59:54    S.O. News Service

بنگلورو،26؍جنوری(ایس او نیوز) ریاستی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر جگدیش شٹر نے لوک آیوکتہ کے عہدہ پر جسٹس وشواناتھ شٹی کے تقرر کا خیر مقدم کیا۔ ہبلی میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جسٹس شٹی کو اب اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے ریاست میں بدعنوان عناصر کے خلاف سخت کارروائی کیلئے مستعد ہوجانا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ جسٹس وشواناتھ شٹی کا نام اعلیٰ اختیاری کمیٹی میں اتفاق رائے سے تجویز کیاگیا تھا، گورنر کی طرف سے ا س نام کو منظوری خوش آئند ہے۔ سابق وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی کی طرف سے ریاستی بی جے پی میں اختلافات کے متعلق بیان پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے شٹر نے کہاکہ کمار سوامی پہلے اپنی پارٹی کے اختلافات کو نمٹالیں، جو اراکین اسمبلی جنتادل (ایس)سے دور جاچکے ہیں کمار سوامی پہلے ان لوگوں کو منالیں بعد میں بی جے پی پر تبصرہ کریں۔ ریاستی وزیر چھوٹی صنعت رمیش جارکی ہولی کے ٹھکانوں پر محکمۂ انکم ٹیکس کے چھاپوں کا تذکرہ کرتے ہوئے شٹر نے کہاکہ اگر رمیش جارکی ہولی کے پاس کالا دھن نہیں ہے تو انہیں خوفزدہ ہونے کی کوئی ضرورت نہیں تھی۔ان کے پاس اگر کالا دھن نہ ہوتا تو محکمہ کبھی ان کے ٹھکانوں پر چھاپہ نہ مارتا ، انہوں نے کہاکہ جب تک اس معاملے کی جانچ مکمل نہیں ہوجاتی رمیش جارکی ہولی کو اپنی وزارت سے مستعفی ہوجانا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ ریاست میں دلتوں ، پسماندہ طبقات اور اقلیتوں کی فلاح کا دعویٰ کرکے اقتدار پر آنے والے سدرامیا نے پچھلے ساڑھے تین سال کے دوران ان طبقات کی فلاح کیلئے کچھ بھی نہیں کیا۔


Share: