منگلورو 16؍فروری (ایس او نیوز) منگلورو ٹاؤن ہال میں منائے گئے سہ روزہ کونکنی لوک اتسوا2017کے موقع پرساحل آن لائن کنڑا شعبے کے ایڈیٹر ارشد حسین کو اعزاز سے نوازا گیا۔
حکومت کرناٹکا کے محکمہ کنڑا اینڈ کلچر کے تحت قائم کرناٹک کونکنی ساہتیہ اکیڈیمی کے زیراہتمام یہ سہ روزہ اتسوا منایا گیا جس میںمختلف میدانوں میں خدمات انجام دینے والی 10شخصیات کو ایوارڈ تفویض کیے گئے۔نوائط مسلمانوں میں کنڑا ادب سے تعلق رکھنے اور کنڑا زبان میں معروف ویب سائٹ ساحل آن لائن کے لئے مدیر کی حیثیت سے خدمات انجام دینے پر اُن کی خدمات کے اعتراف میں اور ان کے کاموں کو سراہتا ہوئے جناب ارشد حُسین کو اس اعزاز سے نوازا گیا۔
ہندو ، مسلم اور عیسائی برادری کے افراد پر مشتمل تقریباً چالیس اداروں کی جانب سے مشترکہ طور پر منائے گئے اس اتسوا میں مختلف اشیاء کی نمائش، ثقافتی پروگرام ،روایتی پکوان، ملبوسات اور سکّوں کی نمائش، کونکنی ثقافت سے متعلقہ اشیاء اور ادب پاروں کی نمائش کے ساتھ خرید وفروخت کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔
ایوارڈ یافتہ شخصیات کو اسٹیج پر موجود اے سی پی منگلورو ویلنٹائن ڈیسوزا کے ہاتھوں شال پوشی کے ساتھ میمنٹو سے نوازا گیا۔