نئی دہلی،23؍جنوری(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)مونا میشرام کو اگلے ماہ کولمبو میں ہونے والے آئی سی سی خواتین ورلڈ کپ کوالیفائر کے لیے ہندوستانی ٹیم میں زخمی اسمرتی مدھانا کی جگہ شامل کیا گیا۔بی سی سی آئی نے آج اس کی اطلاع دی۔اسمرتی آسٹریلیا میں بگ بیش لیگ میں کھیلتے ہوئے زخمی ہو گئی تھی۔اس سے متالی راج کی قیادت والی 14رکنی ہندوستانی ٹیم میں مونا اب اسمرتی کی جگہ لیں گی۔بی سی سی آئی کی پریس ریلیز کے مطابق بی سی سی آئی نے ٹیم نے تصدیق کی کہ سات فروری 2017سے کولمبو میں کھیلے جانے والے آئی سی سی خواتین ورلڈ کپ کوالیفائر میں اسمرتی مدھانا نہیں کھیل پائیں گی،وہ آسٹریلیا میں بگ بیش لیگ کے دوران زخمی ہو گئی۔اس کے مطابق مونا میشرام 14رکنی ٹیم میں اسمرتی کی جگہ لیں گی۔ہندوستان کو تین سے 21فروری تک چلنے والے کوالیفائر میں گروپ اے میں سری لنکا، آئر لینڈ، زمبابوے اورتھائی لینڈ کے ساتھ رکھاگیاہے۔گروپ بی میں جنوبی افریقہ،پاکستان،بنگلہ دیش، اسکاٹ لینڈ اور پاپوا نیو گنیا شامل ہے۔ہندوستانی ٹیم سات فروری کو سری لنکا کے خلاف ابتدائی کوالیفائر سے پہلے جنوبی افریقہ کے خلاف ایک پریکٹس میچ کھیلے گی۔عالمی کپ کا انعقاد برطانیہ میں 26جون سے 23جولائی تک کیا جائے گا۔