بنگلورو۔24دسمبر (ایس او نیوز) وزیر اعظم نریندرا مودی نے اگر اگلے 20 دن کے اندر ریاست میں خشک سالی کے مسئلہ پر وزیر اعلیٰ سدارامیا سے ملاقات نہ کی تو ان کے اس رویہ کے خلاف کرناٹک بند کا اہتمام کیا جائیگا۔ یہ اعلان آج کنڑا چلوولی لیڈر اور کرناٹکا اوکٹا کے صدر واٹال ناگراج نے کیا۔ آج ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاست میں سنگین خشک سالی، کلسا بنڈوری، مہادائی، کاویری اور دیگر امور انتہائی توجہ کے حامل ہیں۔ اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ سدارامیا نے بار ہا وزیر اعظم نریندرا مودی سے نمائندگی کی کوشش بسیار کی ہے۔ لیکن اب تک مودی نے ان سے ملاقات کیلئے وقت طے نہیں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کا یہ رویہ کرناٹک کے عوام کی توہین کے مترادف ہے۔ یہ وزیر اعلیٰ یامحض کرناٹک کا سوال نہیں ہے بلکہ ریاست کے ساڑھ چھ کروڑ عوام کا سوال ہے۔ واٹال ناگراج نے کہا کہ ریاست کے اراکین پارلیمان کو اس سلسلے میں مرکزی حکومت خاص طور پر وزیر اعظم پر دباؤ ڈالنا چاہئے تھا۔ انہوں نے کہا کہ اراکین پارلیمان کی لاپرواہی کے خلاف 29 دسمبر کو احتجاجی مظاہرہ کیا جائیگا، اور ان تمام اراکین پارلیمان کے پتلے جلائے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ دیگر ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ ہی نہیں بلکہ فلمی ستاروں اور دیگر شخصیتوں سے بھی مل رہے ہیں، لیکن کرناٹک کے وزیر اعلیٰ کیلئے مودی کے پاس وقت نہیں۔ مودی کا یہ رویہ ٹھیک نہیں ہے۔ اس موقع پر سارا گووند، گریش گوڈا، کمار اور دیگر لیڈر موجود تھے۔