منگلورو 31/دسمبر (ایس او نیوز) منگلورو انٹرنیشنل ہوائی اڈے پر شارجہ جانے والی جیٹ ائرویز فلائٹ منسوخ کئے جانے سے پریشان حال مسافروں نے ہنگامہ کھڑا کردیا۔ موصولہ تفصیلات کے مطابق جیٹ ایئر ویز کے طیارے کو صبح 9 بجے منگلورو سے شارجہ کے لئے اڑان بھرنا تھا۔ لیکن پہلے اس کوموخر کرتے ہوئے 10.30 کا وقت مقرر کیا گیا پھر اس کے بعد 1.30 بجے کا وقت دیا گیا اور پھر بالآخر11بجے کے قریب فلائٹ ہی منسوخ کیے جانے کا اعلان ہوا۔ اس سے168 مسافر ہوائی اڈے پر بڑی پریشانی اور بے بسی کا شکار ہوکر رہ گئے۔
مسافروں کا الزام ہے کہ ایئر ویز والوں کی طرف سے فلائٹ منسوخ کیے جانے کی کوئی بھی وجہ نہیں بتائی گئی۔ کچھ لوگوں نے یہ بھی بتایا کہ جیٹ ایئرویز کی طرف سے اس منسوخ شدہ فلائٹ کے مسافروں کو لے جانے کے لئے آئندہ تین چار دنوں تک کوئی بھی فلائٹ دستیاب نہ ہونے کی بات بھی کہی گئی ہے۔ایئر پورٹ پر پھنسے بے یار و مددگار مسافروں کا کہنا تھا کہ صبح 9 بجے کی فلائٹ ہونے کی وجہ سے ناشتہ کھائے بغیر ہی مسافر علی الصبح ایئر پورٹ پر پہنچے تھے۔اس بات سے خفا مسافروں نے ہنگامہ کھڑا کردیا۔ ایئر پورٹ افسران کے ساتھ مسافروں کی گرما گرم بحث کے بعد انہیں ناشتہ فراہم کیا گیا۔

بعض مسافروں نے بتایا کہ ممبئی سے شارجہ جانے والی جیٹ ایئر ویز کی فلائٹ چونکہ دھُند کی وجہ سے مسقط میں اتاری گئی تھی اس لئے وہ جہاز منگلورو آ نہیں سکا۔ لہٰذا منگلوروسے شارجہ جانے والی فلائٹ کو کینسل کیا گیاہے۔مسافر اس بات کو لے کر پریشان تھے کہ ان میں سے کئی لوگوں کو دوسرے دن اپنی ڈیوٹی پر حاضر ہونا تھا اور کچھ لوگوں کو اہم کام انجام دینے ہیں۔ مگر ہوائی جہاز کی اڑان میں تاخیر یا منسوخی کے امکانا ت ہونے کے باوجود مسافروں کو وقت سے پہلے کوئی اطلاع نہیں دی گئی تھی جس کی وجہ سے وہ لوگ ایئر پورٹ پہنچ گئے اور یہاں پھنس کر رہ گئے۔شام چھ بجے تک مسافروں نے ایئر پورٹ سے باہر جانے سے انکار کرتے ہوئے ضد پکڑ رکھی تھی کہ انہیں دوسرے طیارے کے ذریعے دبئی یا شارجہ پہنچایا جائے، جبکہ جیٹ ایئر ویز کے ذمہ داران اس سلسلے میں کسی بھی وضاحت کے لئے میڈیا کے سامنے نہیں آئے۔
مینگلور ائرپورٹ سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے بھٹکل کے ایک مسافرعبدالرشید نے بتایا کہ وہ اپنی فیملی کے ساتھ رات تین بجے بھٹکل سے مینگلور ائرپورٹ کے لئے روانہ ہوئے تھے، انہوں نے قریب دو ماہ قبل ہی ٹکٹ بُک کرائی تھی، مگر اب کہا جارہا ہے کہ 5 جنوری کی ہی ٹکٹ کنفرم کرکے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ائرپورٹ پر خواتین اور بچوں کا بہت برا حال ہے اور جیٹ کے ذمہ داران پہلے ایک گھنٹہ کی تاخیر پھر چار گھنٹے کی تاخیر سے فلائٹ کی روانگی کی اطلاع دینے کے بعد دوپہر قریب دو بجے بغیر کوئی وجہ بتائے اچانک فلائیٹ کے منسوخ ہونے کا اعلان کیا ہے۔
شام قریب سات بجے ساحل آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالرشید نے بتایا کہ فلائٹ پر بھٹکل کے قریب 12 مسافر تھے، سبھی اب واپس آرہے ہیں۔ آگے بتایا کہ کافی گفت و تشنید کے بعد اُن کی کل اتوار کی ابوظبی کے لئے ٹکٹ کنفرم کرائی گئی ہے، دیگر کئی لوگوں کو تین دن اور پانچ دن بعد کی ٹکٹ کنفرم کرائی گئی ہے۔ عبدالرشدید سمیت دیگر کئی مسافروں نے جیٹ ائیرویز کی اس طرح کی لاپروائی پر سخت ناراضگی ظاہر کی ہے۔