منگلورو 20؍فروری (ایس او نیوز) اکثر و بیشترمسافروں کو منگلورو ایئر پورٹ سے قریب کوئی ریلوے اسٹیشن نہ ہونے سے بڑی مصیبتوں کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ اب محکمہ ریلوے کی جانب سے ایئر پورٹ سے قریب ترین ریلوے اسٹیشن جوکٹّے کے مقام پر تعمیر کیا گیا ہے اور جلد ہی یہاں پر ٹرین کی آمد ورفت شروع ہوجائے گی۔
جوکٹے ریلوے اسٹیشن کی تعمیر کے ساتھ ہی بالخصوص بھٹکل اور اطراف کے عوام کو گلف ممالک جانے میں نہایت آسانی ہوگی، اسی طرح گلف سے لوٹنے والے بھی ائپرپورٹ پر آٹورکشہ پکڑ کر سیدھے ریلوے اسٹیشن جاسکیں گے۔ البتہ یہ دیکھنا ہوگا کہ اس اسٹیشن پر کون کونسی ٹرینیں رُکے گی اور ٹرینوں کے اوقات کیاہوں گے۔
جوکٹّے میں ریلوے اسٹیشن کی تعمیر کا کام سال2014میں شروع کیا گیا تھا جس پر 50کروڑ روپیوں کی لاگت آئی ہے۔یہاں سے انٹرنیشنل ایئر پورٹ کا فاصلہ صرف 4کیلو میٹر کا ہے۔ اور منگلورو ریاست کرناٹکا کا پہلا شہر ہے جو ایئر پورٹ سے اتنے کم فاصلے پر ریلوے اسٹیشن کی سہولت فراہم کررہا ہے۔سدرن ریلوے کے پالکاڈڈیویژن میں جوکٹے ریلوے اسٹیشن کا نمبر 95ہے۔سدرن ریلوے پالکاڈ ڈیویژن کے پی آر او مسٹر گوپی ناتھ نے کہا کہ ڈبل ٹریک والے جوکٹے اسٹیشن پر ٹرینوں کی آمد و رفت شروع کرنے کے لئے ریلوے کمیٹی کی طرف سے ہری جھنڈی ملنے کا انتظار کیا جارہا ہے۔
کہا جاتا ہے کہ چونکہ چند کیلو میٹرکے فاصلے پر پیجاور مٹھ پایا جاتا ہے اس لئے مقامی افراد نے اس نئے اسٹیشن کو پیجاور اسٹیشن کے نام سے منسوب کرنے کی اپیل ریلوے منسٹر سریش پربھو اور ایم پی انیل کما ر سے کی ہے۔ خیال رہے کہ اس سے پہلے موکامبیکا مندر کے حوالے سے بیندور رمیں واقع ریلوے اسٹیشن کو موکامبیکا اسٹیشن کا نام دیا جا چکا ہے۔