علی گڑھ 12مئی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے وائس چانسلر لیفٹیننٹ جنرل ضمیر الدین شاہ (ریٹائرڈ)نے حال ہی میں چھت پر نصب کئے گئے1.5میگاواٹ سولرپاور پلانٹ کا افتتاح کیا۔ اس کے بعد وائس چانسلر نے زمین کی سطح پر نصب کئے گئے 3میگاواٹ کے سولر پاور گرڈ کے انسٹالیشن کو معنون سنگِ بنیاد کی رونمائی کی۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر لیفٹیننٹ جنرل ضمیرالدین شاہ (ریٹائرڈ)نے کہا کہ اس شمسی توانائی پروجیکٹ سے یونیورسٹی کوبے حد فائدہ ہوگا اور بجلی کے مد میں آنے والے سالانہ خرچ میں زبردست کمی واقع ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروجیکٹ اس اعتبار سے خصوصی اہمیت کا حامل ہے کہ کسی بھی یونیورسٹی میں اس نوعیت کا شمسی توانائی پلانٹ اب تک قائم نہیں کیا جاسکا ہے۔انہوں نے اس پروجیکٹ کے روحِ رواں ڈاکٹر محمد ریحان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی تکنیکی معلومات اور سی پی ڈبلیو ڈی سے ان کے مسلسل تبادلہئ خیال کی وجہ سے ہی اس پروجیکٹ کو عملی جامہ پہنایا جا سکا۔اس موقعہ پر گرین یونیورسٹی پروجیکٹ کمیٹی کے کنوینر ڈاکٹر محمد ریحان نے 1.5میگاواٹ سولر پاور پلانٹ کے بارے میں پاور پوائنٹ پرزنٹیشن کے ذریعہ تفصیل سے معلومات فراہم کیں۔ انہوں نے بجلی کی مد میں آنے والے سالانہ خرچ اور شمسی توانائی سے اس خرچ میں آنے والی مجوزہ کمی کا گوشوارہ بھی پیش کیا۔ڈاکٹر محمد ریحان نے کہا کہ اس پروجیکٹ سے نہ صرف یونیورسٹی کے بجلی پر مصارف میں بھاری کمی آئے گی بلکہ روایتی بجلی سے پیدا شدہ کاربن ڈائی آکسائڈ سے ماحولیات کا تحفظ بھی ممکن ہوسکے گا اور یونیورسٹی کو ملک کی پہلی گرین یونیورسٹی بنانے میں مدد ملے گی۔یونیورسٹی پالی ٹیکنک کے پرنسپل پروفیسر ایس اقبال علی نے مذکورہ پروجیکٹ کو تاریخی قدم بتاتے ہوئے ڈاکٹر ریحان کی کوششوں کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ یہ پروجیکٹ وائس چانسلر لیفٹیننٹ جنرل ضمیر الدین شاہ (ریٹائرڈ)کی دو راندیشانہ قیادت کی بہترین مثال ہے۔اس موقعہ پر سولر انرجی کارپوریشن آف انڈیا کے انجینئر محمد یامین اور ڈی وی وی این ایل کے چیف انجینئر مسٹر بی ایس گنگوار نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے سولر انرجی کو فروغ دینے کی سمت میں یونیورسٹی کے قائدانہ رول کو سراہا۔مسٹر عرفان خاں نے مہمانان کا شکریہ ادا کیا جبکہ نظامت کے فرائض عرفان خاں اور یونیورسٹی الیکٹریکل سیفٹی آفیسر انجینئر شمیم انصاری نے انجام دیئے۔