ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / لیتھم کی سنچری سے نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کو 77رنز سے شکست دی

لیتھم کی سنچری سے نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کو 77رنز سے شکست دی

Tue, 27 Dec 2016 12:56:18    S.O. News Service

کرائسٹ چرچ،26دسمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)اوپنر ٹام لیتھم کے کیریئر کی بہترین 137رنز کی اننگز کے بعد جمی نیشام اور لوکی فگریوسن کی خطرناک بولنگ سے نیوزی لینڈ نے پہلے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں آج یہاں بنگلہ دیش کو 77رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 1-0کی برتری بنائی۔نیوزی لینڈ نے لیتھم اور کولن مونرو(87)کے درمیان پانچویں وکٹ کی 158رنز کی شراکت کی بدولت سات وکٹ پر 341رنز بنائے۔بنگلہ دیش نے اس کے جواب میں نیشام 36رنز پر تین وکٹ سے اورفگریوسن(54رن پر تین وکٹ)کی عمدہ بولنگ کے سامنے باقاعدہ وقفے پر وکٹ گنوائے اور شکیب الحسن(59)، مصدق حسین(ناٹ آؤٹ 50)اور مشفق الرحیم(42)کی اننگز کے باوجود ٹیم 44.5اوور میں 264رنز پر ڈھیر ہو گئی۔نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤتھی نے بھی 63رن دے کر دو وکٹ حاصل کئے۔بنگلہ دیش کا آغاز کافی خراب رہا اور اس نے 81رن پر ہی چار وکٹ گنوا دیئے تھے۔شکیب اور مشفق نے اس کے بعد پانچویں وکٹ کے لئے 63رن جوڑ کر اننگز کو سنبھالا۔شکیب نے جارحانہ رویہ اپنایا اور اس کی شراکت میں 47رن جوڑے۔شکیب اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد فگریوسن کی گیند پر ساؤتھی کو کیچ دے بیٹھے۔انہوں نے 54گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے پانچ چوکے اور دو چھکے مارے۔مشفق 42رنز بنانے کے بعد ریٹائر ہرٹ ہوئے۔نچلے آرڈر میں مصدق حسین نے عمدہ اننگز کھیلی لیکن ٹیم کو فتح نہیں دلا پائے۔

اس سے پہلے لیتھم 47اوور سے زیادہ وقت تک کریز پر ڈٹے رہے اور انہوں نے 121گیندوں کی اپنی اننگز میں چار چھکے اور سات چوکے مارے۔نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کرنے کے بعد اچھی رفتار سے رنز بنائے لیکن ٹاپ آرڈر میں کسی نے بھی لیتھم کا طویل ساتھ نہیں نبھایا۔مارٹن گپٹل نے ایک چھکا اور چوکا لگایا لیکن صرف 15رنز بنانے کے بعد مستفیض الرحمن کی سست گیند پر مڈ آف پر سرکار کو کیچ دے بیٹھے۔کپتان ولیم 31رنز بنانے کے بعد تسکین احمد کا شکار بنے جبکہ نیل بروم(22)بھی اچھی شروعات کو بڑی اننگ میں نہیں بدل پائے۔جمی نیشام جب 28ویں اوور میں پویلین لوٹے تو ٹیم کا اسکور چار وکٹ پر 158رن ہو گیا۔لیتھم اور منرو نے اس کے بعد ٹیم کا اسکور 300رن کے پار پہنچایا۔شکیب نے منرو کو آؤٹ کرکے اس شراکت کو توڑا۔منرو نے 61گیندوں کی اپنی اننگز کے دوران آٹھ چوکے اور چار چھکے مارے۔لیتھم نے اس دوران 110رنز کے اپنے بہترین سکور کو پیچھے چھوڑا جو انہوں نے گزشتہ سال زمبابوے کے خلاف بنایا تھا،وہ بالآخر 48ویں اوور میں مستفیض الرحمن کی گیند پر وکٹ کیپر مشفق الرحمن کو کیچ دے بیٹھے۔بنگلہ دیش کی جانب سے شکیب نے 69رنز دے کر تین جبکہ مستفیض الرحمن اور تسکین نے دو دو وکٹ حاصل کئے۔


Share: