ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / قومی یومِ ٹیکنالوجی کی تقریب سے صدر جمہوریہ ہند کا خطاب 

قومی یومِ ٹیکنالوجی کی تقریب سے صدر جمہوریہ ہند کا خطاب 

Sat, 12 May 2018 02:05:27    S.O. News Service

نئی دہلی:11/مئی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) صدر جمہوریہ ہند جناب رام ناتھ کووند نے آج نئی دہلی میں قومی یوم ٹیکنالوجی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ ہندوستان نے آزادی کے بعد سے ٹیکنالوجی کے میدان میں مسلسل ترقی جاری رکھی ہے اورایٹمی توانائی اور خلائی علوم کے شعبوں میں ذی علم شخصیات پیدا کی ہیں۔ آج ہم نے مواصلاتی ٹیکنالوجی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، فارماسیوٹیکلس اوربایوٹیکنالوجی کے میدان میں اعلیٰ ترین درجے کی صلاحیت حاصل کرلی ہے۔ اس کے نتیجے میں ہمارے ملک کے بارے میں تصورات تبدیل ہوچکے ہیں اور ملک و قوم دونوں کو فائدہ پہنچا ہے۔ خود گزشتہ برسوں میں ہم نے انڈین ریجنل نیوی گیشن سیٹلائٹ سسٹم جیسی غیرمعمولی کامیابیاں حاصل کی ہیں اور اب ہم چاندپرسفرکے لیے چندریان-2 کی تیاریاں کررہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان کو ادویہ اور ٹیکہ کاری کے شعبوں میں بھی نمایاں شہرت حاصل ہے۔جناب رام ناتھ کووندنے اس موقع پر ایوارڈس حاصل کرنے والی شخصیات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہماری جدت طرازی اور ٹیکنالوجی کے میدان میں معیارات کے تعین پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔ ایک زمانہ تھا جب ہم جگاڑ کے ساتھ سستی اور کم خرچ جدت طرازیوں کے کاموں میں مبتلا رہتے تھے، لیکن اب ایک سماج کی حیثیت سے ہم نے اس سوچ پر قابو پالیا ہے اور ہمیں یہ قابو پانا ہی چاہئے تھا۔ آج کے ایوارڈ یافتہ حضرات اس بات کی روشن مثال ہیں کہ ہم کس طرح جوکھم لینے کی صلاحیت کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں اور کس طرح اپنے تصورات اور جدت طرازیوں کے میدان میں جست لگارہے ہیں۔ ہماری ٹیکنالوجی کے خزینے میں یہ نئی توانائی ہی تازہ کاری کررہی ہے۔جناب رام ناتھ کووند نے کہا کہ اب ہمیں نئے میدان تلاش کرنے ہیں۔  سرکار نے ٹیکنالوجی کے جواں سال ماہرین کو روبوٹکس، آرٹیفشیل انٹلیجنس، ڈیجیٹل مینوفیکچرنگ، بک ڈاٹا اینالیٹکس، کوانٹم کمیونی کیشن اور انٹرنیٹ کے شعبوں میں تربیت دینے کے لیے ایک سینٹر آف ایکسیلنس یعنی مرکز مہارت کے قیام کی تجویز پیش کی ہے۔ علاوہ ازیں سرکار صاف ستھری توانائی کے متبادل طریقوں کے لیے ٹیکنالوجی کے استعمال اور پانی کی دستیابی کے چیلنجوں سے مقابلے کے لیے نمایاں کام کررہی ہے۔


Share: