جموں، 8/مئی (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)نیشنل پنتھرس پارٹی کے سرپرست اعلیٰ پروفیسربھیم سنگھ نے کل دیر رات سرینگر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ہندستان کے صدر پرنب مکھرجی سے جموں وکشمیر کے گورنر کو ریاست میں گورنر راج نافذ کرنے کی ہدایت دینے کی اپیل کی۔ پروفیسربھیم سنگھ نے گورنر سے اپیل کی کہ وہ جلد انتظامیہ کی باگ ڈور اپنے ہاتھوں میں لے کر جموں وکشمیرکومزیداموات اور تباہی سے بچائیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ جولائی 2016 سے جیلوں میں بندتمام قیدیوں کوغیرمشروط طورپر رہا کیا جانا چاہئے اور شہری آبادی پر تمام پولیس چھاپے اور حملے روکے جانے چاہئیں۔انہوں نے کہاکہ کشمیر میں لوگوں کو جان و مال کے نقصانات کا معاوضہ دیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہندستان کے وزیر اعظم کوجموں وکشمیرکی سیاسی جماعتوں کے نمائندوں (حریت کانفرنس کے سمیت) کی ایک خصوصی میٹنگ جلدا ز جلد طلب کرنی چاہئے جس سے یہاں کے لوگوں میں اعتماد بحال ہوسکے۔پریس کانفرنس میں حصہ لینے والوں میں منظورنائک،فاروق احمدڈار،جہانگیراحمدخان،محمدمقبول ملک،عبدالرشیدغنئی،حکیم عارف علی،محمدیوسف وانی،عبدالاحد،شاہ فیاض،ماسٹرمحمدشفیع،قاضی شبیر احمد، قاضی محمد سید قریشی، محمد یاسین کدلل اور علی محمد باباوغیرہ شامل تھے۔