ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / فلن کی تحقیقات میں تعاون کی مشروط پیش کش

فلن کی تحقیقات میں تعاون کی مشروط پیش کش

Fri, 31 Mar 2017 18:48:10    S.O. News Service

واشنگٹن،31مارچ(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قومی سلامتی کے سابق مشیر مائیکل فلن نے پیش کش کی ہے کہ اگر اْنھیں قانونی کارروائی سے استثنا دیا جائے تو وہ ٹرمپ کی مہم کے مشیروں اور روس کے درمیان مبینہ رابطوں کی چھان بین کرنے والے اراکین کانگریس سے تعاون کو تیار ہیں۔امریکہ کے ایک موقر اخبار ”وال اسٹریٹ جرنل“ نے اس بابت سب سے پہلے رپورٹ دی کہ فلن استثنا حاصل کرنے کی کوشش میں بات چیت کر رہے ہیں تاہم کسی نے بھی ان شرائط کو قبول نہیں کیا ہے۔فلن کی اٹارنی رابرٹ کیلنر نے جمعرات دیر گئے ایک بیان جاری کیا کہ "جنرل فلن کے پاس بتانے کے لیے ایک کہانی ہے اور وہ یقینی طور پر یہ بتانا چاہتے ہیں اگر حالات نے اجازت دی۔ہم اس وقت فلن کے وکیل اور ایوان نمائندگان اور سینیٹ کی انٹیلی جنس کمیٹی کے درمیان ہونے والی بات چیت سے متعلق کوئی تبصرہ نہیں کریں گے سوائے اس کہ یہ بات چیت ہوئی ہے۔
کیلنر نے مزید کہا کہ اس طرح کے انتہائی سیاسی اور غیر منصفانہ طور پر نشانہ بنانے کے ماحول میں کسی بھی غیر منصفانہ قانونی کارروائی کے خلاف ضمانت کے بغیر کوئی بھی معقول شخص خود کو پیش نہیں کر سکتا ہے۔فلن جو ایک ریٹائرد لفٹیننٹ جنرل ہیں، اْنھوں نے امریکہ میں روس کی سفیر سرگئی کسلیاک کے ساتھ ہونے والی ملاقات سے متعلق نائب صدر مائیک پینس سے غلط بیانی سے کام لیا تھا، جس پر اْنھیں مستعفی ہونے کے لیے کہا گیا تھا۔ایوان نمائندگان اور سینیٹ کی انٹیلی جنس کمیٹیاں اس معاملے کی چھان بین کر رہی ہیں کہ کیا ڈونلڈ ٹرمپ کی مہم کے معاونین روسی حکومت کے ان اہلکاروں کے ساتھ کیا رابطے میں تھے یا نہیں، جو گزشتہ سال کے صدارتی انتخاب میں مداخلت کرنے کے متمنی تھے۔
 


Share: