نئی دہلی، 8/مئی (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)اردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کی ایک اہم نشست اشفاق اللہ خاں پارک، نیو سیلم پور، دہلی میں زیر صدارت جلال الدین اسلم منعقد ہوئی جس میں علامہ اقبال کے نام پر سالانہ اعزاز دیے جانے کے فیصلے کے لیے مغربی بنگال حکومت کی اردو اکیڈمی کو تہنیت پیش کیا گیا۔ مقررین نے اس قومی اعزاز کو اقبال شناسی کے لیے ایک بہت خوش گوار قدم قرار دیا اور ملک کے علمی و ادبی وقار کی بحالی کے لیے خوش آئند بتایا۔ اعزاز پانے والے سبھی علم و ادب کے معزز خدمت گزاروں کو بھی مبارک باد دی گئی۔ خاص طور سے پروفیسر عبدالحق صاحب کو علامہ اقبال ایوارڈ اور اشہر ہاشمی کو مولانا عبدالرزاق ملیح آبادی ایوارڈ کے لیے مبارکباد پیش کی گئی۔ اس موقع پر اردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کے سینئر قومی نائب صدر ڈاکٹر سیّد احمد خاں نے کہا کہ قومی ترانہ ’سارے جہاں سے اچھا ہندوستاں ہمارا‘... کے تخلیق کار علامہ اقبال کی یوم پیدائش کی مناسبت سے ۹/ نومبر ’عالمی یومِ اردو‘ کا آغاز 1997 میں کیا گیا تھا۔ اللہ کا شکر ہے کہ اس کا ثمر ملنے لگا ہے اور اس سلسلے کی ایک اہم کڑی حکومت مغربی بنگال کی کاوشیں ہیں جس نے علامہ اقبال کو اہمیت دیتے ہوئے ان کے نام سے باضابطہ سالانہ ایوارڈ کا سلسلہ شروع کیا۔ اس موقع پر رحمت اللہ فاروقی، مولانا ایم رضوان اختر قاسمی، سالک دھامپوری، مولانا نثار احمد، سیّد نیاز احمد عرف راجہ، حکیم عطاء الرحمن اجملی وغیرہ نے اظہار خیال کیا اور تمام شرکاء کا شکریہ ڈاکٹر محمد زید نے اداکیا۔