ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / عراق:دو بم دھماکوں میں کم ازکم 25ہلاک

عراق:دو بم دھماکوں میں کم ازکم 25ہلاک

Mon, 02 Jan 2017 11:57:20    S.O. News Service

بغدادیکم جنوری(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)عراق میں حکام نے بتایا ہے کہ بغداد کے وسطی علاقے کے ایک مصروف بازار میں دو بم دھماکوں میں کم ازکم25افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔بین الاقوامی خبررساں ایجنسی روئٹرزنے وزارت داخلہ کے ایک عہدیدار کے حوالے سے بتایا کہ ایک دھماکا خودکش تھا جب کہ دوسرا ایک نصب شدہ بم پھٹنے سے ہوا۔جس وقت یہ دھماکا ہوا تو بازار میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی اور یہاں روزانہ اجرت پر کام کرنے والے متعددمزدور گاڑیوں پر سامان لاد اور اتار رہے تھے۔حکام کے مطابق زخمی ہونے والے50افراد میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے جس سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔تاحال کسی فردیاگروہ نے اس کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے لیکن شدت پسند تنظیم داعش عراق میں ہونے والے اکثرمہلک حملوں کی ذمہ داری قبول کرتی آئی ہے۔بغداد میں گزشتہ اکتوبر سے سکیورٹی انتہائی سخت ہے کیونکہ اسی مہینے عراقی فورسز نے داعش کے مضبوط گڑھ موصل کا قبضہ بحال کروانے کے لیے کارروائیوں کا آغاز کیا تھا۔موصل کے قرب و جوار میں داعش نے پسپائی اختیار کی ہے لیکن اب بھی مختلف مقامات پر فورسز کو شدت پسندوں کی طرف سے مزاحمت کا سامنا ہے۔


Share: