نئی دہلی، 15؍فروری(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)ہندوستانی طوفانی بلے باز اور ورلڈ کپ فاتح ٹیم کے رکن رہے یوسف پٹھان کے لئے بری خبر ہے۔حال ہی میں بی سی سی آئی نے پٹھان کو ہانگ کانگ میں ٹی 20ٹورنامنٹ میں کھیلنے کی اجازت دی تھی لیکن اب اس نے اس فیصلے پر یو ٹرن لے لیا ہے،جس کے ساتھ ہی یوسف کا غیر ملکی ٹی 20لیگ میں کھیلنے کا خواب ٹوٹتا نظر آ رہا ہے کیونکہ بی سی سی آئی نے پٹھان سے نو آبجکشن سرٹیفکیٹ (این اوسی)واپس لے لیا ہے۔انگریزی اخبار انڈین ایکسپریس نے اپنے ذرائع کے حوالے سے لکھا ہے کہ پٹھان کو آغاز میں بی سی سی آئی کے دفتر سے این او سی مل گیا تھا، لیکن اس کے بعد دیگر کئی کھلاڑیوں نے بھی دنیا بھر میں کھیلی جا رہی لیگ کا حصہ بننے کی خواہش ظاہر کی،وہ بھی بورڈ سے اس کے لئے اجازت چاہتے تھے،اتنے درخواست کے بعد بورڈ کو اپنے فیصلے پر دوبارہ غور کرنا پڑا۔بی سی سی آئی کے اس فیصلے کو یوں بھی دیکھا جا رہا ہے کہ بورڈ اپنے کسی کھلاڑی کو انڈین پریمیئر لیگ کی حریف لیگ کے لئے کھیلنے کی اجازت نہیں دینا چاہتا۔بورڈ کے اس فیصلے سے متاثر ہونے والے دوسرے کرکٹر دنیش کارتک ہیں جو کیریبین پریمیئر لیگ میں کھیلنا چاہتے تھے۔اس معاملے پر اگرچہ پٹھان سے بات نہیں ہو پائی لیکن کارتک نے اس بات کی تصدیق کی ان کی عرضی نامنظور کر دی گئی ہے۔