بنگلورو:3/اگست(ایس او نیوز) ریاستی وزیر توانائی ڈی کے شیوکمار کے ٹھکانوں پر کل محکمۂ انکم ٹیکس کے چھاپوں کے خلاف آج ریاست بھر میں کانگریس کارکنوں نے زبردست احتجاجی مظاہرے کئے۔ سب سے بڑا احتجاج شہر میں کے پی سی سی کارگذار صدر دنیش گنڈو راؤ کی قیادت میں کیاگیا، جس میں ریاستی وزراء ، اراکین اسمبلی اور پارٹی کے سرکردہ لیڈروں نے حصہ لیا۔ شہر کے آنند راؤ سرکل پر گاندھی مجسمہ کے روبرو کانگریس کارکنوں نے زبردست مظاہرہ کیا جہاں وزیر اعظم مودی ، بی جے پی کے قومی صدر امیت شا ، وزیر مالیات ارون جیٹلی وغیرہ کے خلاف نعرہ بازی کی گئی اور وزیر اعظم پر اقتدار کا غلط استعمال کرتے ہوئے کانگریس کو کچلنے کی کوشش کا الزام لگایا۔ اس احتجاج سے مخاطب ہوکر وزیر ترقیات بنگلور کے جے جارج نے کہاکہ بی جے پی تمام ریاستوں میں آپریشن کمل کے ذریعہ دیگر پارٹیوں خصوصی طور پر کانگریس کے اراکین اسمبلی کو خریدنا چاہتی ہے، یہ ملک کو زعفرانی بناکر یہاں سے جمہوری نظام کو ختم کرنا چاہتی ہے۔انہوں نے کہاکہ گجرات کی تمام راجیہ سبھا سیٹوں پر کامیابی حاصل کرنے کیلئے مودی نے جو حکمت عملی اپنائی ہے ا س کے ذریعہ وہاں کے کانگریس اراکین اسمبلی کا شکارکرنے کی کوشش کی گئی۔ ڈی کے شیوکمار نے کانگریس قیادت کی ہدایت پر ان اراکین اسمبلی کی حفاظت کی ہے، اسی لئے راست طور پر ایک منظم سازش کے تحت محکمۂ انکم ٹیکس ، انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ اور سی بی آئی کا غلط استعمال کرتے ہوئے ڈی کے شیوکمار کو نشانہ بنایا جارہاہے، انہوں نے بی جے پی کو چیلنج کیا کہ اس طرح کی سازشوں کو چھوڑ کر راست طور پر میدان میں کانگریس کا مقابلہ کرے۔ وزیر ٹرانسپورٹ رام لنگا ریڈی نے کہا کہ گوا ، منی پور اور اترا کھنڈ میں اسی طرح کی ہیرا پھیری کے ذریعہ بی جے پی نے اقتدار پر قبضہ کیا، لیکن آئندہ بی جے پی کو ایسی سازشوں میں کامیاب ہونے سے روکنے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں فرقہ پرستی کو عام کرنے اور کمزور طبقات سے ان کے حقوق چھیننے کیلئے بی جے پی جو کوشش کررہی ہے اس کو کامیاب بنانے کیلئے سی بی آئی ، انکم ٹیکس اور انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ جیسے سرکاری محکموں کا جارحانہ استعمال کیا جارہاہے۔ آنے والے دنوں میں کانگریس ملک کے عوام کو اعتماد میں لے کر بی جے پی کو ضرور سبق سکھائے گی۔ کے پی سی سی کارگذار صدر دنیش گنڈو راؤ نے بھی خطاب کرتے ہوئے مرکزی حکومت کی طرف سے متحرک کانگریس قائدین کو نشانہ بنائے جانے اور ملک میں جمہوریت کا گلا گھونٹنے کی سخت مذمت کی اور کہاکہ کانگریس بی جے پی کے ان منصوبوں کو کبھی کامیاب ہونے نہیں دے گی۔ احتجاج میں میئر جی پدماوتی، رکن اسمبلی آر وی دیوراج ، کے پی سی سی اقلیتی شعبے کے صدر وائی سعید احمد، کے پی سی سی کے تمام عہدیداران اور دیگر پارٹی لیڈران بڑی تعداد میں موجود تھے۔
ریاست بھر میں احتجاج: شیوکمار کے گھر، دفتر اور دیگر ٹھکانوں پر محکمۂ انکم ٹیکس کے چھاپوں کے خلاف آج ریاست بھر میں کانگریس کارکنوں نے زبردست احتجاجی مظاہرے کئے۔ ٹمکور، منگلور، میسور، گلبرگہ، بیدر، ہاسن، رام نگرم ، مرکیرہ نیز ریاست کے تقریباً تمام اضلاع میں ضلع کانگریس کمیٹیوں کی طرف سے شیوکمار کی زبردست حمایت میں مظاہرے کرتے ہوئے کانگریس کارکنوں نے وزیراعظم اور دیگر بی جے پی قائدین کے پتلے نذر آتش کئے۔ ان احتجاجیوں سے مخاطب ہوکر پارٹی عہدیداروں نے مرکزی حکومت کی جارحیت اورڈکٹیٹر شپکی سخت مذمت کی۔ کنکاپورہ چن پٹن، باگلکوٹ،دھارواڑ ، ہبلی ، بلگام سمیت تمام علاقوں میں اسی طرح کا احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔