بنگلورو،20؍جنوری(ایس او نیوز) ان خبروں کے درمیان کہ سابق ریاستی وزیر اور بی جے پی رکن کونسل وی سومنا بہت جلد کانگریس میں شامل ہوں گے اور وزیر اعلیٰ سدرامیا انہیں اپنی وزارت میں شامل کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ سومنا نے کہا کہ کانگریس پارٹی میں شامل ہونے کا ان کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ فی الوقت وہ بی جے پی میں ہیں اور اسی پارٹی سے وابستہ رہیں گے۔ بی جے پی نے انہیں اقتدار پر آنے کا موقع دیا ہے ان حالات میں اس پارٹی کو چھوڑنے کا سوال ہی نہیں اٹھتا۔ سابق نائب وزیراعلیٰ آر اشوک کے ساتھ ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سومنا نے کہاکہ کانگریس پارٹی میں شامل ہونے کیلئے انہیں کسی حلقہ سے دعوت آئی اور نہ ہی اس سلسلے میں انہوں نے کسی سے بات کی۔انہوں نے کہاکہ ان کی عمر 66 سال کی ہے اس عمر میں وہ پارٹی بدلی کرنا مناسب نہیں سمجھتے۔ ریاستی بی جے پی صدر بی ایس یڈیورپا پر درپردہ تنقید کرتے ہوئے سومنا نے کہاکہ یڈیورپا کو پارٹی کارکنوں اور عوام سے راست رابطہ اسی طرح رکھنا چاہئے جیسا کہ ماضی میں تھا، اگر انہوں نے اپنے اطراف دیکھنے والے اور سننے والے الگ رکھ لئے تو پارٹی کارکنوں میں ان سے ناراضگی فطری بات ہے۔ انہوں نے مشورہ دیاکہ یڈیورپا پارٹی کے سبھی لیڈروں کو اعتماد میں لے کر کام کریں ۔انہوں نے کہاکہ یڈیورپا اور ایشورپا کے درمیان اختلاف کو صرف شیموگہ تک محدود رکھا جائے ۔ ریاست پر اسے مسلط کرنے کی کوشش نہ کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ یڈیورپا نے اطراف واکناف جن لوگوں کو جمع کرلیا ہے وہ یڈیورپا تک پارٹی کارکنوں کو پہنچنے نہیں دیتے۔ یہاں تک کہ لیڈروں کو بھی یڈیورپا تک پہنچنے کیلئے ان دروازوں سے گزرنا پڑتا ہے، جس کی وجہ سے ریاست میں پارٹی کو کافی نقصان پہلے بھی پہنچ چکا ہے اور اب بھی پہنچ رہا ہے۔ یڈیورپا کو چاہئے کہ ابھی وقت رہتے، راہ راست پر آجائیں اور پارٹی کے سبھی کارکنوں کو اعتماد میں لیں۔اگر ایسا نہیں ہوا تو بی جے پی میں جو انتشار ہے وہ دن بدن بڑھے گا۔