ماسکو،31؍دسمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)روس نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر زور دیا ہے کہ ایک قرارداد کے ذریعے شام میں جنگ بندی کی تازہ کوششوں کی توثیق کی جائے۔ اس سلسلے میں روس اور ترکی کے اقوام متحدہ میں تعینات سفیروں نے پندرہ رکنی سلامتی کونسل کے ارکان کو جمعرات کی شب ایک قرارداد کا مسودہ پیش کیا تھا۔ کونسل کے اراکین سے مشاورت کے بعد روسی سفیر ویٹالی چُرکِن نے اسی مسودے کو معمولی ترامیم کے بعد گزشتہ شب دوبارہ پیش کیا۔ امکان ہے کہ کونسل میں آج ہفتے کو اس مسودے پر رائے شماری ہو سکتی ہے۔ انقرہ اور ماسکو حکومتوں کی کوششوں کے نتیجے میں شام میں اسی ہفتے شروع ہونے والی جنگ بندی پر اگر عمل درآمد جاری رہا، تو یہ مارچ سن 2011 سے جاری شامی خانہ جنگی کے خاتمے کی راہ میں ایک بڑی پیش رفت ہو سکتی ہے۔