ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سرسی اسپتال کے سی سی ٹی وی کیمرہ میں قید ہوئی بی جے پی رکن پارلیمان کی غنڈہ گردی؛ ڈاکٹروں کا احتجاج؛ معاملے کو دبانے کی کوشش

سرسی اسپتال کے سی سی ٹی وی کیمرہ میں قید ہوئی بی جے پی رکن پارلیمان کی غنڈہ گردی؛ ڈاکٹروں کا احتجاج؛ معاملے کو دبانے کی کوشش

Tue, 03 Jan 2017 12:44:55    S.O. News Service

بھٹکل 3/ جنوری (ایس او نیوز) ضلع اُترکنڑا کے سرسی کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں رکن پارلیمان آننت کمار ہیگڈےکی غنڈہ گردی کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آئی ہے جس میں وہ ایک  ڈاکٹر کے ساتھ  ہاتھاپائی کرتے ہوئے پائے گئے ہیں۔ ذرائع سے موصولہ اطلاع کے مطابق آننت کمار ہیگڈے اپنی والدہ للیتا کے پائوں کےعلاج کے سلسلے میں رات کو سرسی کے TSS اسپتال پہنچے تھے، جہاں والدہ کی صحیح طور پر جانچ نہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے ڈاکٹروں پر برس پڑے، پھر دو ڈاکٹروں اور ایک اسٹاف کی دھنائی شروع کردی۔ خبر ملی ہے کہ ڈاکٹر مدھوکیشور ، ڈاکٹر بال چندرا بھٹ اور ایک اسٹاف راہول پر انہوں نے حملہ کیا اور تینوں کی پیٹائی کی۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا گیا ہے کہ اسپتال کے دیگر اسٹاف اور نرس اُنہیں روکنے کی کوشش کررہے ہیں، مگر ایم پی کے ساتھ موجود ایک ساتھی نرس کو روک رہا ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ رکن پارلیمان ہونے کی بنا پر دیگر اسٹاف بھی خاموش تماشائی بنے کھڑے رہ گئے، مگر اسپتال میں موجود سی سی ٹی وی کیمرے میں آننت کمار ہیگڈے کی غنڈہ گردی قید ہوگئی۔

ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق واقعے کی کوئی شکایت پولس تھانہ میں درج نہیں کی گئی ہے، اس بات کی بھی اطلاع ملی ہے کہ معاملے کو وہیں دبانے کی کوشش کی جارہی ہے اور ڈاکٹروں کو سمجھا بجھا کر اُنہیں پولس تھانہ جانے سے روکا گیا ہے۔ مگر میڈیا میں خبر وائرل ہونے کے بعد سرسی میں ڈاکٹروں نے واقعے کی مذمت کی ہے ، اُدھر مینگلور سے خبر موصول ہوئی ہے کہ سرسی میں ہوئے واقعے پر انڈین میڈیکل اسوسی ایشن نے واقعے کا سخت نوٹس لیا ہے اور ایم پی اننت کمار ہیگڈے کے خلاف کاروائی کرنے احتجاج کی تیاریوں میں ہے۔ سرسی میں بھی انڈین میڈیکل اسوسی ایشن نے واقعے کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر کو میمورنڈم پیش کیا ہے۔

خیال رہے کہ اُترکنڑا ایم پی آننت کمار ہیگڈے کے بارے میں عام رائے یہ پائی جاتی ہے کہ وہ غنڈہ گردی کرتے ہوئے ایم پی بنے ہیں، مگر غالباً پہلی بار ان کی غنڈہ گردی کی وڈیو سی سی ٹی وی میں قید ہوگئی ہے۔


Share: