بھٹکل 20 / جنوری (ایس او نیوز) سرسی کےٹی ایس ایس اسپتال کے ڈاکٹروں اور اسٹاف پر حملہ کرنے کے بعد پولیس کے ہاتھوں گرفتاری سے بچنے کے لئے روپوش ہونے والے ایم پی اننت کمار ہیگڈے کو عدالت سے پیشگی ضمانت مل گئی ہے ۔ سرسی سے موصولہ اطلاع کے مطابق سرسی ایڈیشنل سیشن کورٹ نے ان کی ضمانت کی عرضی پر بدھ کو سنوائی کرتے ہوئے اُن کی ضمانت منظور کی۔
واضح رہے کہ اپنی والدہ کو وقت پر علاج مہیا نہ کرنے اور اسے اسپتال میں گھنٹوں انتظار کروانے کا الزام عائد کرتے ہوئے اننت کمار نے دیر رات کو اسپتال میں ہنگامہ برپا کیا تھا اور ڈیوٹی انجام دے رہے ڈاکٹروں کو گھسیٹ کر پیٹائی کی تھی۔
حالانکہ حملے کے بعد ڈاکٹروں یا اسپتال انتظامیہ نے پولیس میں شکایت درج نہیں کروائی تھی ۔ مگر انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن نے اس کا سخت نوٹس لیا تھا اور ریاست بھر میں ڈاکٹروں نے احتجاجی مظاہرے کرتے ہوئے خاطی ایم پی اننت کمار کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔ اس پس منظر میں پولیس نے Suo motu کیس داخل کرتے ہوئے کیس کی تحقیقات اور ایم پی کو گرفتار کرنے کے لیے 3 ٹیمیں تشکیل دینے کی بات کہی تھی ۔
جنوری 3 تاریخ کو حملے کی واردات انجام دینے والا ایم پی پولیس میں شکایت درج ہونے کے بعد لاپتہ ہونے کی بات کہی جا رہی تھی ۔ اور اس کے وکیلوں نے قبل از وقت گرفتاری سے بچنے کے لئے ضمانت کی عرضی عدالت میں داخل کردی تھی۔دوسری جانب عوام کے بعض حلقوں کا کہنا تھا کہ ایم پی اننت کمار کو گرفتار کرنے میں پولیس جان بوجھ کر تاخیر کر رہی ہے تاکہ اسے عدالت سے ضمانت حاصل کرنے کی مہلت مل جائے۔ اس طرح اننت کمار ہیگڈے کو اب پیشگی ضمانت مل گئی ہے اور وہ گرفتاری سے بچنے میں کامیاب ہوگیا ہے ۔