ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سدرامیا نے کرسی بچانے اعلیٰ کمان کوایک ہزار کروڑ روپے ادا کئے:یڈیورپا

سدرامیا نے کرسی بچانے اعلیٰ کمان کوایک ہزار کروڑ روپے ادا کئے:یڈیورپا

Sat, 11 Feb 2017 10:47:45    S.O. News Service

بنگلورو،10؍فروری(ایس او نیوز) سابق وزیر اعلیٰ اور ریاستی بی جے پی صدر بی ایس یڈیورپا نے الزام لگایا کہ وزیر اعلیٰ سدرامیا نے اقتدار پر بنے رہنے کیلئے کانگریس اعلیٰ کمان کو ایک ہزار کروڑ روپیوں کی رقم ادا کی ہے۔اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے یڈیورپا نے بتایاکہ سدرامیا نے اپنے دست راست رکن کونسل گووند راج کے ذریعہ دہلی کے قائدین کو وقتاً فوقتاً رقم روانہ کی ہے، جس کے بارے میں ایک ڈائری میں درج تفصیلات کو انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے افسران نے ضبط کیا ہے۔ یڈیورپا نے سدرامیا سے کہاکہ کانگریس اعلیٰ کمان کے قائدین کو جورقم ادا کی گئی ہے اس کی تمام تفصیلات سدرامیا ریاستی عوام کے سامنے پیش کریں اور یہ بھی بتائیں کہ کس لیڈر کو کتنی رقم دی گئی ہے۔ایک دو دن کے اندر سدرامیا نے اگر نہیں بتایا تو ساری تفصیلات از خود باہر آجائیں گی۔ یڈیورپا نے کہاکہ ایسے مرحلے میں جبکہ ریاست خشک سالی سے بدحال ہے سدرامیا خاموش بیٹھے ہیں۔ ترقیاتی منصوبوں کیلئے مختص رقم وہ اپنی کرسی بچانے کیلئے استعمال کررہے ہیں یہ کہاں تک جائز ہے۔ انہوں نے کہاکہ سابق وزیر برائے چھوٹی آبپاشی شیوراج تنگڑ گی جب اقتدار پر تھے تو اس وقت 43.88 کروڑ روپیوں کی رقم کام کئے بغیر ہی لوٹ لی گئی، اس سلسلے میں افسران کو معطل کیاگیا ، لیکن وزیر کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی وزیر برائے چھوٹی صنعت رمیش جارکی ہولی کے گھر پر انکم ٹیکس محکمہ نے چھاپہ مارکر 150 کروڑ روپیوں کی رقم ضبط کی ، لیکن اب بھی وہ وزارت بھی برقرار ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ کانگریس کی اس حکومت کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ ریاستی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر ایشورپا کے متعلق یڈیورپا نے کہاکہ وہ میرے بھائی جیسے ہیں۔ اس سلسلے میں اب غیر ضروری انتشار پیدا نہ کیا جائے ۔ سنگولی راینا برگیڈ کے متعلق سوال پر جواب دینے سے گریز کرتے ہوئے یڈیورپا نے کہاکہ دونوں اب بھائی بھائی کی طرح رہیں گے۔ میڈیا غیر ضروری طور پر اس معاملہ کو نہ اچھالے اور دونوں کو کام کرنے دیں۔ رواں لیجسلیچر اجلاس میں اراکین اسمبلی کی غیر حاضری کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے یڈیورپا نے کہاکہ اسمبلی اور کونسل کی کارروائیوں میں حصہ لینا اراکین اسمبلی کی ذمہ داری ہے۔ بی جے پی کے تمام اراکین اسمبلی کو ہدایت دی جائے گی کہ وہ بلاناغہ حاضر رہیں۔ سابق وزیر امبریش کی بی جے پی میں شمولیت کی خبروں کے بارے میں ایک سوال پر یڈیورپا نے کہاکہ اس کے بارے میں انہیں کوئی اطلاع نہیں ہے۔ سابق وزیر اعلیٰ ایس ایم کرشنا کی بی جے پی میں شمولیت کا دعویٰ کرنے والے یڈیورپا نے اپنے تیور بدلتے ہوئے کہا کہ بی جے پی میں شامل ہونا ہے یا نہیں یہ فیصلہ ایس ایم کرشنا پر ہے وہ اس بار ے میں کچھ نہیں کہہ سکتے۔


Share: