ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ریت کی غیر قانونی نقل وحمل پر سخت کارروائی: پرمیشور

ریت کی غیر قانونی نقل وحمل پر سخت کارروائی: پرمیشور

Sun, 12 Feb 2017 11:16:47    S.O. News Service

بنگلورو،11؍فروری(ایس او نیوز) ریت کی غیر قانونی تجارت میں مصروف عناصر پر روک لگانے کیلئے آنے والے دنوں میں سخت ترین قدم اٹھائے جائیں گے۔ یہ بات ریاستی وزیر داخلہ ڈاکٹر جی پرمیشور نے کہی۔ کورٹگیرے تعلق میں نئے پولیس تھانہ کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ٹمکور ضلع سمیت ریاست بھر میں ریت کی غیر قانونی تجارت کے متعلق شکایات عام ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ریت کی غیر قانونی تجارت کے سبب عوام کو ریت تک رسائی ناممکن ہوچکی ہے۔ اس صورتحال کو محسوس کرتے ہوئے ریاستی حکومت نے یہ یقینی بنانا ضروری سمجھا ہے کہ غیر قانونی طور پر ریت کی تجارت پر روک لگائی جائے اور اپنے مکانات تعمیر کرانے کیلئے عوام کو آسانی سے ریت مل سکے۔ اضلاع کے پولیس سپرنٹنڈنٹوں اور دیگر عہدیداروں کو ہدایت دی جاچکی ہے کہ عوام کو آسانی سے ریت مہیا کرانے کیلئے غیر قانونی ریت مافیا پر روک لگائی جائے۔ انہوں نے کہاکہ تجارتی اغراض کیلئے روانہ بنگلور کو ریت کی روانگی کے خلاف سخت کارروائی کرنے ٹمکور ضلع کے ایس پی کو انہوں نے ہدایت دی ہے۔انہوں نے کہاکہ بعض مقامات پر پولیس کی ملی بھگت سے ریت کی تجارت کئے جانے کی شکایات سامنے آئی ہیں۔ آنے والے دنوں میں اس طرح کی شکایات کوبرداشت نہیں کیا جائے گا۔وزیر موصوف نے بتایاکہ اگلے ماہ کورٹگیرے میں پانچ سو کروڑ روپیوں کی لاگت پر پولیس اکاڈمی اور ٹریننگ اسکول کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا ۔ اس اکاڈمی کے قیام سے اس علاقہ کے لوگوں کوپولیس فورس میں شامل ہونے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے کہاکہ یتنا ہولے آب پاشی پراجکٹ کا ایک حصہ چونکہ کورٹگیرے تعلق میں قائم ہوگا، اسی لئے یہاں کے لوگوں کو کافی فائدہ ہوگا۔اس موقع پر رکن پارلیمان مدو ہنومے گوڈا نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کورٹگیرے کی ترقی کیلئے ڈاکٹر جی پرمیشور کی طرف سے اور زیادہ توجہ ضروری ہے۔ تقریب کی صدارت رکن اسمبلی پی آر سدھاکر لال نے کی۔ ڈی جی پی روپ کمار دتہ ، آئی جی پی اے ایم پرساد، ٹی سنیل کمار ، سیمنت کمار سنگھ، ضلع کی ایس پی ایشا پنتھ اور دیگر اس موقع پر موجود تھے۔


Share: