ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ریاست کرناٹک میں دوبارہ کانگریس اقتدار پرآئے گی: سدرامیا

ریاست کرناٹک میں دوبارہ کانگریس اقتدار پرآئے گی: سدرامیا

Fri, 23 Dec 2016 23:20:07    S.O. News Service

بنگلورو۔23/دسمبر(ایس او نیوز) عنقریب انکم ٹیکس کے چھاپوں میں ریاست کے بعض وزراء کے پھنسنے کے متعلق ریاستی بی جے پی صدر بی ایس یڈیورپا کے بیانات پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سدرامیا نے کہا کہ شاید یڈیورپا محکمہئ انکم ٹیکس کے ایجنٹ بن چکے ہیں یا پھر ان کے ان بیانات سے ظاہر ہوتاہے کہ مرکزی حکومت ان ریاستوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کررہی ہے جہاں بی جے پی اقتدار میں نہیں ہے۔ میسور میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سدرامیا نے کہاکہ یڈیورپا کو یہ واضح کردینا چاہئے کہ کن بنیادوں پر وہ وزراء اور اراکین اسمبلی کے پھنسنے کا دعویٰ کررہے ہیں۔ بار بار اس طرح کے بیانات سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ یڈیورپا مرکزی حکومت پر یہ دباؤ ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں کہ کرناٹک کے کانگریس لیڈروں کو نشانہ بنایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ سابق وزیراعلیٰ رہ چکے یڈیورپا ایک بڑی سیاسی جماعت کے ریاستی صدر کے ذمہ دارانہ عہدہ پر فائز ہیں، انہیں غیر ذمہ دارانہ بیانات نہیں دینا چاہئے۔ہر بار بے بنیاد الزامات عائد کرنا یڈیورپا کا شیوا بن چکا ہے۔ 2018کے اسمبلی انتخابات میں ریاست میں کانگریس کے دوبارہ اقتدار پر آنے کی پیشین گوئی دہراتے ہوئے سدرامیا نے کہاکہ بی جے پی اور جنتادل (ایس) قائدین کی طرف سے کانگریس کو اقتدار پر آنے سے روکنا ناممکن ہے۔ ان دونوں پارٹیاں ابھی سے یہ خواب دیکھنے لگے ہیں کہ وہ اقتدار پر آچکی ہیں۔ لیکن یہ خواب کبھی شرمندہئ تعبیر نہیں ہوگا۔ ریاستی عوام کبھی ان دونوں پارٹیوں کا ہاتھ نہیں تھامیں گے۔ آئندہ بھی کانگریس پارٹی کو ہی حمایت حاصل ہوگی۔ قومی اہلیتی امتحان نیٹ میں کنڑا شامل نہ کئے جانے کے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے سدرامیا نے کہاکہ اس سلسلے میں مرکزی حکومت سے نمائندگی کرنے کیلئے چیف سکریٹری کو ہدایت دی گئی ہے کہ ایک مکتوب فوراً روانہ کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ ملک کی دیگر زبانوں کی مانند کنڑا بھی ایک قومی زبان ہے۔ اسی لئے نیٹ امتحان کنڑا میں لکھنے کا مطالبہ صد فیصد جائز ہے۔ انہوں نے کہاکہ ریاست سے منتخب اراکین پارلیمان کو پارلیمان میں یہ آواز اٹھانی چاہئے۔


Share: