بنگلور:27؍/ جولائی(ایس او نیوز) سینئر کانگریس لیڈر اور رکن کونسل بائرتی سریش نے دارالعلوم سبیل الرشاد پہنچ کرامیر شریعت مفتی محمد اشرف علی سے ملاقات کی اور ان سے دعائیں لیں، پچھلے اسمبلی ضمنی انتخابات میں ہبال اسمبلی انتخاب میں کانگریس کی ٹکٹ کیلئے کوشش کرنے والے بائرتی سریش بحیثیت رکن کونسل اپنے حلقہ کے علاوہ آس پاس کے علاقوں میں متحرک ہوکرکام کررہے ہیں۔ اس ملاقات کے دوران مسٹر سریش نے خواہش کی کہ دارالعلوم سبیل الرشاد کے احاطہ میں اندرونی سڑکوں پر وہ اپنے رکن کونسل فنڈ سے تار بچھانا چاہتے ہیں۔امیر شریعت نے اس کی اجازت دی۔ مسٹر بائرتی سریش نے بتایاکہ 16لاکھ روپیوں کی لاگت سے عنقریب مدرسہ کے احاطہ میں تمام سڑکوں پر تار بچھانے کا کام مکمل کرلیا جائے گا۔ اس موقع پر مسجد اعظم کی مجلس منتظمہ کے ذمہ دار اعجاز احمد خان اور دیگر موجود تھے۔انہوں نے بتایاکہ بائرتی سریش نے ہبال کی سرکاری اردو اسکول کی ترقی کیلئے پندرہ لاکھ روپئے دئے ہیں اور اسکول کی ترقی کا کام تیزی سے جاری ہے۔