ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / رومانیہ:ٹرک پر چاکلیٹ نہیں مہاجرین لدے ہوئے تھے

رومانیہ:ٹرک پر چاکلیٹ نہیں مہاجرین لدے ہوئے تھے

Mon, 02 Jan 2017 12:00:32    S.O. News Service

بلغاریہ یکم جنوری(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)رومانیہ کی سرحدی پولیس نے چاکلیٹ لدے ایک ٹرک کی تلاشی لی، تو اس میں چھپے ہوئے48عراقی باشندے برآمدہوئے۔چاکلیٹ کو ایک جگہ سے دوسری جگہ پہنچانے کے کام پرماموریہ ٹرک مہاجرین کوغیرقانونی طورپرسرحدعبورکروارہا تھا۔خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس نے رومانیہ کی سرحدی پولیس کے حوالے سے بتایا ہے کہ بلغاریہ سے چاکلیٹ سے لدے ایک ٹرک کو روکا گیا، تو اس میں 48 مہاجرین چھپے ہوئے تھے۔ بتایا گیا ہے کہ ان میں 22 مرد، نو خواتین اور 17 نابالغ تھے۔ حکام کے مطابق اس ٹرک کی تلاشی اس وقت لی گئی، جب پولیس اہلکاروں کے آلات نے ٹرک میں کاربن ڈائی آکسائیڈ کی بہت زیادہ مقدار کی موجودگی کا بتایا۔ یہ گیس انسانی سانس کی صورت میں خارج ہونے والی کاربن ڈائی آکسائیڈ تھی اور اسی وجہ سے ٹرک کی تفصیلی تلاشی لی گئی۔رومانیہ کی سرحدی پولیس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ ٹرک بلغاریہ کا ایک شہری چلا رہا تھا۔ اس ٹرک پر موجود کاغذات سے معلوم ہوا کہ یہ ٹرک بلغاریہ کی بنی ہوئی چاکلیٹ ہنگری پہنچانے کا کام کرتا ہے۔ تارکین وطن نے بھی پولیس کو بتایا کہ وہ اصل میں ہنگری پہنچنا چاہتے تھے۔پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش کے دوران ڈرائیور نے کہا کہ اسے معلوم ہی نہیں تھا کہ ٹرک پر تارکین وطن موجودہیں۔ڈرائیور اور مہاجرین سے بلغاریہ کی پولیس بھی تفتیش کر رہی ہے۔واضح رہے کہ ترکی سے یورپی یونین میں داخلے کی کوشش کرنے والے وہ افراد بھی ہیں، جو بحیرہء ایجیئن کے راستے یونان پہنچنے کی بجائے زمینی راستہ اختیار کرتے ہوئے بلغاریہ میں داخل ہوتے ہیں۔ پھر یہیں سے وہ ہنگری کے ذریعے مغربی یورپ پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ہنگری کی سرحد کی بندش کی وجہ سے سینکڑوں مہاجرین بلغاریہ میں پھنسے ہوئے ہیں۔


Share: