اسلام آباد،31مارچ(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)روس کے ایک فوجی وفد نے افغان سرحد سے ملحقہ پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان کا دورہ کیا۔پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ’آئی ایس پی آر‘ کے مطابق روس کے ڈپٹی چیف آف جنرل اسٹاف کرنل اسراکوف سرگئی یوریوچ کی قیادت میں ایک فوجی وفد نے جمعرات کو شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ کا دورہ کیا۔بیان کے مطابق روسی وفد کو قبائلی علاقوں کو ہر طرح کے دہشت گردوں سے پاک کرنے کے بارے میں پاکستانی فوج کی کوششوں سے آگاہ کیا گیا۔روسی وفد کو پاک افغان سرحد کی نگرانی اور قبائلی علاقوں میں دیرپا امن و استحکام کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔بیان کے مطابق روسی فوجی وفد نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔
پاکستان اور روس کے درمیان تعلقات میں حالیہ برسوں میں قابل ذکر بہتری دیکھنے میں آئی ہے جس میں خاص طور پر دفاعی شعبے میں تعاون کا فروغ شامل ہے۔رواں سال فروری میں پاکستان کی بحریہ کی طرف سے منعقدہ کثیر القومی بحری مشقوں میں روس نے بھی حصہ لیا تھا جب کہ اس سے قبل ستمبر 2016ء میں پاکستان اور روس کے فوجیوں کی پہلی مشترکہ مشقیں پاکستان میں ہوئی تھیں۔2014ء میں روس نے پاکستان کو ہتھیاروں کی فراہمی پر عائد پابندی اٹھا لی تھی جس کے بعد سے ماسکو کی طرف سے اسلام آباد کے لیے لڑاکا ہیلی کاپٹروں کی فراہمی کا معاہدہ بھی ہوا۔