ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / روس پر مزید سخت پابندیاں عائد کی جائیں گی:امریکی سینیٹرز

روس پر مزید سخت پابندیاں عائد کی جائیں گی:امریکی سینیٹرز

Mon, 02 Jan 2017 11:05:32    S.O. News Service

واشنگٹن یکم جنوری(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)امریکہ کے سینیٹر جان مکین نے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے روس کے ساتھ تعلقات کی بہتری کے لیے پابندیوں کو ختم کرنے کی قیاس آرائیوں کے تناظر میں کہاہے کہ ان کا ملک صدر پوتن کے ساتھ ایسی سودے بازی نہیں کرے گا۔مارچ2014ء میں روس کی طرف سے یوکرین کے جزیرہ نما کرائمیا کا اپنے ساتھ الحاق کیے جانے اور مشرقی یوکرین میں روس نوازعلیحدگی پسندوں کی حمایت جاری رکھنے پر امریکی کانگرس نے ماسکو پر پابندیاں عائد کی تھیں۔مکین کے ہمراہ موجود سینیٹر لنڈسی گراہم کا کہنا تھا کہ کانگریس2017ء میں روس کے خلاف مزید پابندیاں عائد کرنے کی کوشش کرے گی جن کاہدف اس ملک کے توانائی اور بینکاری کے شعبے اور "پوتن اور ان کے قریبی رفقاء " ہوں گے۔انٹرویو میں مکین، گراہم اورڈیموکریٹ سینیٹر ایمے کلوبچر کا کہنا تھا کہ یوکرین کو "مہلک دفاعی ہتھیاروں" کی فراہمی کی کانگرس بہت مضبوط حمایت کرتی ہے تاکہ کیف کو روسی حامیت یافتہ علیحدگی پسندوں سے لڑنے میں مدد دی جا سکے۔امریکی قانون سازوں نے منسک معاہدوں کی پاسداری نہ کرنے پر بھی ماسکو کو تنقید کا نشانہ بنایا۔گراہم کاکہناتھاکہ آپ کس طرح آزادانہ اور شفاف انتخاب یاشراکت اقتدار کی بات کر سکتے ہیں جب مشرقی یوکرین کے ساتھ 700روسی ٹینک تعینات کیے گئے ہوں۔ان سے جب پوچھا گیا کہ آیا ٹرمپ کرائمیا کو روس کا حصہ تسلیم کریں گے، تو گراہم کا کہنا تھا کہ کانگرس ایسے کسی بھی اقدام کا راستہ روکے گی۔سینیٹر مکین نے بھی گزشتہ ماہ امریکی صدارتی انتخاب سے قبل ڈیموکریٹک پارٹی کی ای میلز ہیک کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ماسکو پر سخت پابندیاں عائد کی جائیں گی۔رواں ہفتے ہی امریکی صدر براک اوبامانے 29روسی سفارتکاروں کوملک سے چلے جانے کا حکم دیتے ہوئے دو روسی انٹیلی جنس ایجنسیوں پر پابندی عائد کر دی تھی جن کے بارے میں اوباماانتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ ہیکنگ میں ملوث تھے۔روسی صدر ولادیمر پوتن نے جمعہ کو کہا کہ ماسکو اس پر ایسا ردعمل ظاہر نہیں کرے گا اورکسی بھی امریکی سفارتکار کو روس سے نہیں نکالے گا۔ انھوں نے امریکی انتظامیہ کے فیصلے کوغیرذمہ دارانہ قراردیاتھا۔جمعہ کو ہی نو منتخب امریکی صدرٹرمپ نے ٹوئٹرپرایک پیغام میں روسی صدر کے اس فیصلے کو سراہتے ہوئے انھیں بہت سمجھدارقرار دیا تھا۔


Share: