نئی دہلی، 8 ؍نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )رنگ میں واپسی کی تیاری کر رہے دولت مشترکہ کھیلوں کے سابق میڈل فاتح ہندوستانی مکہ باز اکھل کمار اور جتیندر کمار نے پیشہ ورانہ باکسنگ میں معاہدہ کے لیے اپنے آجر ہریانہ پولیس سے رسمی طور پر منظوری مانگی ہے۔پولیس ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کے عہدے پر تعینات اکھل اور جتیندر دونوں نے ہریانہ پولیس کے ڈائریکٹر جنرل کے پی سنگھ سے مل کر پیشہ ورانہ کھیل میں حصہ لینے کے لیے ان کی منظوری طلب کی ہے ۔دولت مشترکہ کھیلوں کے سابق طلائی تمغہ فاتح اکھل نے میڈیا سے کہاکہ ہم نے کے پی سنگھ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور رسمی طور پر اپنی درخواست انہیں سونپی ۔انہوں نے اسے اعلی حکام کے پاس بھیج دیا ہے۔ہریانہ پولیس کا کھلاڑیوں کی حمایت اور ان کی حوصلہ افزائی کا طویل ریکارڈ رہا ہے، ہمیں امید ہے کہ ہمارے معاملے میں بھی یہی رخ اپنایا جائے گا۔اکھل اور جتیندر دونوں نے پیشہ ورانہ مکہ بازی کے پروموٹرانفنیٹی آپٹمل سلیو شنز (آئی اوایس )کے ساتھ معاہدہ کیا ہے جو سابق اولمپک کانسہ تمغہ فاتح وجینندر سنگھ کے بھی پروموٹر ہیں۔وجیندر بھی ہریانہ پولیس میں ڈی ایس پی ہیں۔اکھل اور جتندر دونوں کے پیشہ ورانہ رنگ میں اگلے ماہ قدم رکھنے کا امکان ہے۔