نئی دہلی:17/اگست(ایس او نیوز /آئی این ایس انڈیا)کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ مرکز کی نریندر مودی حکومت ہر ادارے میں آر ایس ایس کے لوگوں کو بٹھانا چاہتی ہے۔ جے ڈی یو کے باغی لیڈر شرد یادو کی جانب سے بلائی گئی’’مشترکہ ورثہ بچاؤ کانفرنس‘‘ میں راہل گاندھی نے کہا کہ پولیس، انتظامیہ، جج، میڈیا ہر جگہ اپنے لوگ بٹھانے میں لگی ہے، جس دن ہر سرکاری ادارے کے اعلی عہدوں پر آر ایس ایس کے لوگ بیٹھ جائیں گے تو وہ ہمیں کہیں گے اب یہ ملک ہمارا ہے۔ راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی پر جھوٹ بولنے کا الزام لگایا۔ کہاکہ وزیر اعظم جہاں بھی جاتے ہیں کچھ نہ کچھ جھوٹ بول جاتے ہیں۔ راہل گاندھی نے کہا کہ پی ایم مودی کہتے ہیں، ہمیں سوچھ بھارت چاہئے، میں کہتا ہوں ہمیں سچ بھارت چاہئے۔
کانگریس نائب صدر نے کہا کہ پی ایم نریندر مودی نے سب کے بینک اکاؤنٹ میں 15۔15 لاکھ بھیجنے کا وعدہ کیا تھا، جو اب تک نہیں آئے۔ انہوں نے وعدہ کیا تھا کہ دو کروڑ لوگوں کو روزگار دیں گے۔ اس سلسلے میں جب پارلیمنٹ میں ان کے وزیر سے پوچھا گیا تو انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال ایک لاکھ لوگوں کو روزگار دیا، جبکہ صرف کرناٹک حکومت نے 30 ہزار لوگوں کو روزگار دیا۔ اس سال تو مودی حکومت کی حالت اور بھی خراب ہے، روزگار دینے کے بجائے روزگار کے مواقع کم کر دئے۔
راہل گاندھی نے کہا کہ پی ایم مودی ہر جگہ ’’میک ان انڈیا‘‘ کی بات کرتے ہیں، لیکن آپ جہاں بھی جائیں آپ کو ’میڈ ان چائنا‘‘نظر آئے گا، وہ اس جھوٹ کو چھپا رہے ہیں کہ میک انڈیا مکمل طور فلاپ ہو چکا ہے۔راہل گاندھی نے آر ایس ایس اور مودی حکومت پر بڑا حملہ کرتے ہوئے کہاکہ اس وقت تک ترنگے کو سلامی نہیں دی جب تک اقتدار میں نہیں آئے۔ آر ایس ایس کہتی ہے، یہ ملک ہمارا ہے، تم اس کے نہیں ہو، گجرات میں دلتوں کی پٹائی کی۔