نئی دہلی، 25؍دسمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کے قتل کے معاملے میں مبینہ بڑی سازش کی تحقیقات کا مطالبہ کرنے والی درخواست پر سپریم کورٹ کی طرف سے مرکز اور سی بی آئی سے جواب مانگے جانے کے کچھ دن بعد معاملہ کے ایک اہم گواہ نے وزیر اعظم کو خط لکھ کر مداخلت کرنے اور آزاد اور منصفانہ تحقیقات کو یقینی بنانے کی اپیل کی ہے ۔وزیر اعظم نریندر مودی کو لکھے خط میں رمیش دلال نے کہا ہے کہ وہ جین انکوائری کمیشن کا ایک اہم گواہ تھا، جس کا قیام قتل کے پیچھے سازش کے پہلوؤں کی جانچ پڑتال کرنے کے لیے کیا گیا تھا،دلال نے کہا کہ اس نے سی بی آئی کو ماضی میں لکھے گئے خط میں سازش کی بڑی جانچ کئے جانے کامسئلہ اٹھایا تھا۔دلال نے مودی کو لکھے خط میں کہاکہ میرے مذکورہ خط(19؍اپریل 2016)کے موضوع کے پیش نظر سی بی آئی سے سازش کے پہلو پر ایک ضمیمہ چارج شیٹ کا انتظار ہے۔سپریم کورٹ نے معاملے میں سی بی آئی سے جواب مانگاہے، اس لیے معاملے کو آخری انجام تک پہنچانے کے لیے آزاد اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کو یقینی بنانے کے واسطے آپ سے ذاتی مداخلت کی اپیل کی جاتی ہے۔اس نے 19؍اپریل کو مرکزی داخلہ سکریٹری راجیو مہشری اور سابق سی بی آئی ڈائریکٹر انیل سنہا کو خط لکھ کر معاملے کی تحقیقات میں کچھ خامیوں کو اجاگر کیا تھا اور ان پہلوؤں پر مزید تحقیقات کی درخواست کی تھی۔