بنگلورو،20؍فروری(ایس او نیوز) شہر کے راجہ جی نگر ڈاکٹر راجکمار روڈ اور آس پاس کے علاقوں میں ٹریفک کے اژدہام کو کم کرنے کیلئے برہت بنگلور مہانگر پالیکے کی طرف سے جو منصوبے مرتب کئے گئے ہیں ان پر مشتمل رپورٹ ایک ہفتہ کے اندر پیش کرنے شہر کی میئر جی پدماوتی نے آج افسران کو ہدایت جاری کی۔ آج دوپہر رکن پارلیمان ڈی کے سریش ، اراکین اسمبلی گوپالیہ ،منی رتنا اور دیگر کے ہمراہ راجہ جی نگر ڈاکٹر راجکمار روڈ ، ڈاکٹر راجکمار سمادھی ، ماگڑی روڈ، اور آس پاس کے علاقوں کا معائنہ کرنے کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے میئر نے بتایاکہ روزانہ شہر کے ان علاقوں میں ٹریفک کا اژدہام معمول بن چکا ہے۔ یہاں پر ٹریفک کو سہل کرنے کیلئے درکار اقدامات پہلے ہی تجویز کئے جاچکے ہیں۔ اس سلسلے میں جامع رپورٹ فوری طور پر پیش کرنے بی بی ایم پی کو ہدایت دی جاچکی ہے۔ میئر نے بتایا کہ اس علاقہ میں ٹریفک کو کم کرنے کیلئے ضروری قدم اٹھانے کے سلسلے میں بی بی ایم پی کے اگلے بجٹ میں فنڈز مہیا کرانے پر بھی سنجیدگی سے غور کیاجارہا ہے۔ میئر نے بتایاکہ راجہ جی نگر میں اہم سڑکوں کی تجدید ومرمت کا کام اگلے ماہ شروع ہورہا ہے۔ ان میں سے جن سڑکوں کو ٹریفک کی کثرت کے سبب ون وے قرار دیا گیا ہے ،تجدید ومرمت کے بعد خاص طور پر ڈاکٹر راجکمار روڈ کو ٹو وے بنانے پر کارروائی کی جائے گی۔ 5.6 کلومیٹر طویل راجکمار روڈ کو اگر تجدید ومرمت کے بعد ٹو وے کیاگیا تو اس سے تقریباً 50 فیصد ٹریفک کا مسئلہ حل ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس سلسلے میں رکن پارلیمان ڈی کے سریش نے اگلے ہفتے ایک میٹنگ طلب کی ہے۔ جس میں اراکین اسمبلی بھی موجود رہیں گے۔ میٹنگ میں طے کیاگیا کہ راجہ جی نگر ، ماگڑی روڈ اور آس پاس کے علاقوں میں ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے کیلئے اور کیا ٹھوس اقدامات اٹھائے جاسکتے ہیں۔