بنگلورو۔21؍دسمبر(ایس او نیوز) محکمۂ ریلویز کی طرف سے تیز رفتار ریل گاڑیوں ، راجدھانی ، شتابدی اور درنتو ایکسپریس میں کرایہ دس فیصد گھٹانے کا فیصلہ کیا گیاہے۔ مرکزی حکومت کے اس فیصلے سے ساؤتھ ویسٹرن ریلویز کے بیشتر مسافروں کو کافی سہولت ہوگی۔ یہ بات آج ساؤتھ ویسٹرن ریلوے کے ڈویژنل ریلوے منیجر سنجیو اگروال نے بتائی۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے بتایاکہ جن روٹس پر مسافروں کی تعداد کافی زیادہ ہے وہاں کرایوں میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مرکزی حکومت کی طرف سے نوٹ بندی کے اقدام کی وجہ سے پورے ڈویژن کی ریلویز آمدنی میں 20 فیصد کمی آئی ہے،اور روزانہ ٹکٹوں کی فروخت کی اوسط میں دس فیصد گراوٹ بھی محسوس کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ساؤتھ ویسٹرن ریلوے نے گزشتہ ایک سال کے دوران بغیر ٹکٹ کے سفر کرنے والے مسافروں اور حد سے زیادہ ساز وسامان لے جانے والوں پر کارروائی کرتے ہوئے بارہ کروڑ روپیوں کا جرمانہ وصول کیا ہے۔ اس سلسلے میں ڈھائی لاکھ افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے کارروائی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ریل گاڑیوں میں سکینڈ کلاس ، سلیپر اور اے سی سیٹوں کی تعداد میں بھی خاطر خواہ اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تاکہ ویٹنگ لسٹ کے سبب مسافروں کو سفر کی سہولت سے محروم نہ ہونا پڑے۔شہر میں مضافاتی ریل کی شروعات کے بارے میں انہوں نے کہاکہ اس کا کچھ حصہ پہلے ہی سے چل رہا ہے، خاص طور پر رام نگرم ، بنگلور ، بیپنا ہلی ، بنگارپیٹ ، وائٹ فیلڈ کے درمیان ریل کی خدمات دستیاب ہیں۔ ضرورت پڑنے پر ان مقامات کیلئے مخصوص گاڑیاں بھی مہیا کرائی جاسکتی ہیں۔ عنقریب دیونہلی اور یلہنکا کے درمیان دستیاب ریل خدمات کو بنگلور انٹرنیشنل ایرپورٹ تک وسعت دینے کے سلسلے میں بھی ضروری قدم اٹھایا جائے گا۔ریاستی حکومت اگر اس کیلئے ضروری انفرااسٹرکچر مہیا کرانے پر آمادہ ہوجائے تو محکمۂ ریلویز اس کام کو پورا کرنے کیلئے تیار ہے۔