ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / دنیا کے ساتھ دین میں بھی کامیابی کی انوکھی مثال،ریاستی وزیر یو ٹی قادر کی دختر نے حفظ قرآن مکمل کیا

دنیا کے ساتھ دین میں بھی کامیابی کی انوکھی مثال،ریاستی وزیر یو ٹی قادر کی دختر نے حفظ قرآن مکمل کیا

Sun, 25 Dec 2016 13:42:25    S.O. News Service

بنگلورو۔24دسمبر (ایس او نیوز) عموماً سیاستدانوں اور دیگر اعلیٰ سرکاری عہدیداروں کے بچے یا تو بڑے بڑے اعلیٰ معیاری کانونٹوں میں عمدہ سے عمدہ تعلیم حاصل کررہے ہوتے ہیں یا پھر اپنی پڑھائی بیرونی ملک کے کسی مایہ ناز اسکول میں حاصل کررہے ہوتے ہیں، لیکن یہاں معاملہ ہی کچھ اور ہے۔ گیارہ سالہ بچی حوا نسیمہ نے اپنی کم عمری میں حفظ قرآن مکمل کرلیا اور حافظ کی سند بھی حاصل کرلی ہے۔ اس بچی کا تذکرہ کرنا اس لئے ضروری سمجھا جارہا ہے کہ بچی ریاست کے ایک ممتاز سیاسی قائد وزیر شہری رسد و خوراک یو ٹی قادر کی دختر ہے۔ حوا نسیمہ یو ٹی قادر کی اکلوتی بیٹی ہے۔ اسے قادر نے اپنے سیاسی اقتدار اورمقام اور مرتبہ کے باوجود گزشتہ ساڑھے تین سال سے حفظ قرآن پر مامور کررکھا تھا، بچی نے کافی محنت کے ساتھ اس عمل کو پورا کیا ہے۔ کاسر گوڈ کے ایک دینی مدرسہ میں دو سال تعلیم حاصل کرنے کے بعد اس کمسن بچی حوا نے گزشتہ دیڑھ سال سے منگلور کے کوناجی کے قریب تحفیظ القرآن ویمنس کالج میں تعلیم کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔ تروننت پورم کے حافظ محمد ضیاء کی نگرانی میں حوا نسیمہ نے اپنا حفظ قرآن مکمل کیا۔ آج اس بچی کو منگلور کے ٹی ایم اے پائی کنونشن ہال میں منعقدہ جلسہ میں حفظ مکمل کرنے کی سند عطا کی جائیگی۔ امیر گھرانے سے وابستہ ہونے کے باوجود اس بچی میں شروع سے ہی انتہائی سادگی توجہ کا مرکز رہی ہے۔ کاسرگوڈ کے ہاسٹل میں یہ بچی غریب اور یتیم بچوں کے ساتھ رہ کر تعلیم کا سلسلہ مکمل کرتی رہی۔ اس بچی کے ساتھ دیگر 10 طالبات نے بھی حفظ مکمل کیا ہے۔ قرآن مجید کے 30 پارے، 114 سورتیں، 6236 آیات جو 600 سے زائد صفحات پر مشتمل ہیں ،ان تمام کو ایک امیر اور برسر اقتدار گھرانے کی بچی نے حفظ کیا ہے تو یقیناًیہ دوسروں کیلئے ایک مثالی عمل ہے۔


Share: