دبئی 24/ دسمبر (ایس او نیوز) بھٹکل سے تعلق رکھنے والا ایک سات سالہ لڑکا کار کے پہئے کے نیچے آکر جاں بحق ہوگیا، یہ حادثہ آج سنیچر کی شام دبئی کے مُرشد بازار میں پیش آیا۔ مرنے والے لڑکے کی شناخت یلاح ابن مولوی یوشع محتشم کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ لڑکا مدرسہ کلاس کے بعد ہمیشہ کی طرح سائیکل پر سوار ہوکر واپس اپنے گھر مرشد بازار جارہا تھا کہ مسجد جامع الایمان کے قریب اچانک ایک کار لڑکے سے ٹکراگئی۔ عینی شاہد نے ساحل آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کار کا اگلا پہیہ لڑکے کے پیر پر سے گذر گیا تھا، جس پر لوگوں نے چینخ وپکار کی، اس پر کار ڈرائیور کنفیوز ہوگیا اور اس نے جھٹ سے گاڑی کو ریورس لینے کی کوشش کی جس کے دوران کار کے اُسی پہیے کے نیچے لڑکے کا سر آگیا، جس کے نتیجے میں لڑکا اُسی وقت جاں بحق ہوگیا۔
لوگوں کی چینخ و پکار سن کر لڑکے کے والد جو قریب ہی رہائش پذیر تھے، دوڑتے ہوئے کار کی طرف پہنچے مگر اُس وقت تک لڑکا اپنی آخری سانسیں لے چکا تھا۔
معصوم لڑکا یلاح پل بھر میں راہی جنت ہوگیا۔ لڑکے کے تعلق سے بتایا گیا ہے کہ وہ دبئی میں آور اون ہائی اسکول میں دوم جماعت کا طالب العلم تھا یلاح اپنے چار بھائیوں میں سب سے چھوٹا تھا۔
اطلاع ملتے ہی پولس ٹیم اور ایمبولنس موقع پر پہنچ گئی۔ خبر ملتے ہی دبئی میں موجود بھٹکل کے ذمہ داران بھی جائے واردات پر پہنچ کر لڑکے کے والد مولوی یوشع کے ساتھ بھرپور تعائون پیش کیا۔ کافی دیر تک میت سڑک پر ہی تھی، پھر ضروری کاغذی کارروائیوں کے بعد میت راشد اسپتال لے جائی گئی، جہاں سے القیادہ کو منتقل کی گئی۔ فی الوقت پولس ضروری کاروائیوں میں مصروف ہے، مگر توقع ہے کہ میت صبح گھروالوں کے حوالے کی جائے گی۔ حادثے پرقائد قوم جناب ایس ایم سید خلیل الرحمن سمیت دبئی میں مقیم سبھی ذمہ داران نے سخت افسوس کا اظہار کیا ہے اور گھروالوں سے تعزیت کی ہے۔ اللہ تعالیٰ مولوی یوشح اور اس کے گھروالوں کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ اٰمین