ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / خطۂ خلیج میں استحکام کا انحصار سعودی عرب پر ہے: شاہِ بحرین کی کوشنر سے گفتگو

خطۂ خلیج میں استحکام کا انحصار سعودی عرب پر ہے: شاہِ بحرین کی کوشنر سے گفتگو

Wed, 02 Sep 2020 18:14:19    S.O. News Service

ریاض ،2/ستمبر (آئی این ایس انڈیا)بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ بن سلمان آل خلیفہ نے کہا ہے کہ خطۂ خلیج میں استحکام کا انحصار سعودی عرب پر ہے۔

بحرین کی سرکاری خبررساں ایجنسی بی این اے کے مطابق انھوں نے یہ بات منگل کے روز وائٹ ہاؤس کے مشیراور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد جیرڈ کوشنر سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ہے۔

کوشنر 13 اگست کو یو اے ای اور اسرائیل کے درمیان امن معاہدے کے اعلان کے بعد مشرقِ اوسط کا پہلا دورہ کررہے ہیں۔ وہ سوموار کو اسرائیلی ، امریکی وفد کے ساتھ اسرائیل سے پہلی پرواز کے ذریعے ابو ظبی پہنچے تھے اور انھوں نے امارات کے حکام سے اس معاہدے کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں بات چیت کی تھی۔

انھوں نے اسرائیل اور یو اے ای کے درمیان امن معاہدے کو سراہا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ اب مزید عرب ممالک بھی اس کی پیروی کریں گے اور وہ اسرائیل سے معمول کے تعلقات استوار کریں گے۔

لیکن بحرین کا قریبی اتحادی اور خطے کی ایک بڑی طاقت سعودی عرب یہ واضح کرچکا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ معمول کے تعلقات استوار کرنے کی ایک قیمت ہے اور وہ عرب امن اقدام کے تحت مقبوضہ غربِ اردن اور غزہ پٹی پر مشتمل آزاد اور خود مختار فلسطینی ریاست کا قیام ہے جس کا دارالحکومت بیت المقدس ہو۔

اسرائیل نے 1967ء کی جنگ میں ان فلسطینی علاقوں پر قبضہ کر لیا تھا اور وہ گذشتہ برسوں کے دوران میں ان میں سے بعض علاقوں اور شہروں کو صہیونی ریاست میں ضم کرچکا ہے۔ یو اے ای کے ساتھ معاہدے کے تحت اب وہ مزید فلسطینی علاقوں کو ضم نہیں کرے گا۔


Share: