ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / خشک سالی سے متاثرہ علاقوں میں بی جے پی لیڈروں کا دورہ فضول : سدارامیا

خشک سالی سے متاثرہ علاقوں میں بی جے پی لیڈروں کا دورہ فضول : سدارامیا

Sun, 25 Dec 2016 13:17:09    S.O. News Service

میسور۔24دسمبر (ایس او نیوز) وزیر اعلیٰ سدارامیا نے ریاستی بی جے پی قائدین سے کہا ہے کہ وہ ریاست میں خشک سالی سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرکے حالات کا جائزہ لینے کی بجائے یہی وقت مرکزی حکومت پر اس بات کیلئے دباؤ ڈالنے میں لگائیں کہ کرناٹک میں خشک سالی کے متاثرین کی امداد کیلئے فنڈس جاری کرے۔ آج میسور میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سدارامیا نے کہا کہ بی جے پی کے لیڈران اگر ریاست میں خشک سالی سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرتے ہیں تو اس سے کوئی فائدہ ہونے والا نہیں ہے۔ پہلے وہ مرکز پر اس بات کیلئے دباؤ ڈالیں کہ ریاستی حکومت نے جو امداد طلب کی ہے وہ فراہم کرے۔ انہوں نے کہا کہ خشک سالی سے متاثرہ 139 تعلقہ جات میں راحت کاری کا کام اور تیزی کے ساتھ آگے بڑھانے کے متعلق اکتوبر کے دوران ہی مرکزی حکومت سے امداد کا مطالبہ کیا جاچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے میں جبکہ مرکز میں بی جے پی کی ہی حکومت قائم ہے، وہاں جاکر مرکزی وزراء پر دباؤ ڈالنے کی بجائے دوبارہ ریاست کے مختلف علاقوں کا دورہ کرنا فضول ہوگا۔ سدارامیا نے کہا کہ خشک سالی اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیلئے ایک بار پھر انہوں نے وزیر اعظم مودی سے ملاقات کا وقت طلب کیا ہے۔ پہلے ہی دہلی میں ان سے ملاقات کی کوشش کی گئی ،لیکن پیشگی اطلاع کے باوجود وزیر اعظم نے کرناٹک کے وفد کو ملاقات کا وقت نہیں دیا۔


Share: