بنگلورو۔2؍جنوری(ایس او نیوز) حج 2017 کیلئے درخواست فارمس کا آج ریاستی حج کمیٹی کے دفتر میں وزیر شہری ترقیات وحج جناب روشن بیگ کے ہاتھوں اجراء عمل میں آیا۔ امسال سفر حج بیت اﷲ کیلئے درخواستوں کے داخلوں کا سلسلہ آج سے شروع ہوکر 24جنوری تک جاری رہے گا، جبکہ تمام درخواستوں کے اندراج کے بعد مارچ کے پہلے ہفتے میں عازمین حج کا قرعہ ملک بھر میں الگ الگ ایام میں عمل میں آئے گا۔ ملک بھر میں بھی حج کمیٹی آف انڈیا کی طرف سے آج ہی حج فارمس کا اجراء کیاگیا ، ریاست بھر میں حج کمیٹی کے مرکزی دفتر اور ضلع وقف مشاورتی کمیٹیوں میں حج فارمس کے داخلوں کی سہولت دی گئی ہے، ساتھ ہی امسال آن لائن حج درخواستیں بھی جمع کرانے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ پہلی بار حج کمیٹی آف انڈیا نے موبائل ایپ بھی متعارف کروایا ہے، جس کا درخواست گزار استعمال کرسکتے ہیں۔ امسال حج درخواستوں کے داخلوں کا سلسلہ آج سے 24 جنوری تک روزانہ صبح دس بجے سے سہ پہر ساڑھے تین بجے تک جاری رہے گا۔ حج کیلئے درخواست دینے والے افراد کے پاس 24 جنوری 2017 سے قبل جاری کیاگیا، پاسپورٹ جو کم از کم 28 فروری 2018 تک رائج ہو جمع کرایا جاسکتاہے، حج درخواست کے ساتھ پروسیسنگ فیس کے طور پر ادا کئے گئے تین سو روپیوں کے چالان کو منسلک کیاجائے جو اسٹیٹ بینک آف انڈیا یا یونین بینک آف ا نڈیا میں ادا کیا جاسکتاہے، ہر درخواست کور نمبر میں پانچ بڑوں اور دو بچوں کی گنجائش رکھی گئی ہے۔ حسب سابق اس بار بھی وہ افراد جن کی عمر یکم جنوری 2017 کو 70 سال کی ہوچکی ہے، معاون کے ساتھ حج کی درخواست دے سکتے ہیں، ان کو ریزرو زمرے میں شامل کیا جائے گا۔ ساتھ ہی حج کیلئے پچھلے تین سالوں 2014-15-16 کیلئے درخواست دینے کے بعد قرعہ میں منتخب نہ ہونے والے عازمین بھی ریزرو زمرے کے تحت منتخب کئے جائیں گے۔عام زمرے کیلئے بینک چالان اور پاسپورٹ کی نقل جمع کرائی جائے، جبکہ ریزرو زمرے کیلئے بینک چالان کے ساتھ اصل پاسپورٹ بھی جمع کرانا ہوگا۔ حسب سابق اس بار بھی گرین اور عزیزیہ زمرے کیلئے درخواستیں لی جائیں گی۔ گرین زمرے کے تحت رہائش حد حرم سے ایک ہزار میٹر کے دائرے میں ہوگی اور اس دائرہ میں پکوان کی اجازت نہیں رہے گی، حج 2016کیلئے اس زمرے میں 2.19لاکھ روپے لئے گئے۔ عزیزیہ زمرے کے تحت جو عازمین درخواست دیں گے انہیں عزیزیہ میں رکھا جائے گا اور وہاں پکوان کی سہولت حاصل رہے گی اور حرم شریف تک آنے جانے کیلئے بس کی سہولت رہے گی۔حج 2016کیلئے اس زمرے کے عازمین سے 1.85لاکھ روپے لئے گئے ، مدینہ منورہ میں رہائش کا انتظام یکساں رہے گا اور کسی بھی عمارت میں پکوان کی سہولت نہیں ہوگی۔ حج فارمس کے اجراء کے موقع پر وزیر حج جناب روشن بیگ کے علاوہ ریاستی محکمۂ اقلیتی بہبود ، اوقاف وحج کے سکریٹری محمد محسن ، ریاستی حج کمیٹی کے ایگزی کیٹیو آفیسر اوربی بی ایم پی جوائنٹ کمشنر سرفراز خان ، مولانا محمد لطف اﷲ مظہر رشادی اور دیگر افسران کے علاوہ بڑی تعداد میں درخواستیں حاصل کرنے کیلئے عازمین اور حج کمیٹی کے متعدد رضاکار موجود تھے۔