پنجی گوا 27/ دسمبر (ایس او نیوز) گوا کے ایئر پورٹ پر منگل کو ایک بڑا طیارہ حادثہ اس وقت ٹل گیا جب ممبئی جا نے والے جیٹ ایئر ویز کا ایک طیارہ پرواز بھرتے وقت رن وے پر پھسل گیا. اس حادثے میں 15 مسافر زخمی ہو گئے جنہیں علاج کے لئے ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے. حادثہ سے حالانکہ گوا کا ڈابولم بین الاقوامی ہوائی اڈہ کچھ گھنٹوں کے لئے بند کردیا گیا تھا، مگر بعد یہاں آپریشنل شروع کردیا گیا.
ذرائع سے موصولہ اطلاع کے مطابق تمام مسافروں کو طیارے سے بحفاظت نکال لیا گیا، جبکہ ایئر پورٹ کو دوپہر 12.30 بجے تک بند کر دیا گیا.
طیارے میں سوار مسافروں کے مطابق طیارے کے سلائڈنگ کے بعد اس کے اگلے حصے کے نیچے جھک جانے کی وجہ سے لوگ بے حد ڈر گئے تھے. اس خوف کی وجہ سے طیارے میں افرا تفری کا ماحول بن گیا تھا. طیارے میں کل 161 افراد سوار تھے جس میں 154 مسافر اور 7 پائلٹ اور ان کی ٹیم کے رکن شامل ہیں
جیٹ ایئر ویز نے بیان جاری کر تے ہوئے کہاکہ 'ہمیں یہ بتاتے ہوئے دکھ ہو رہا ہے کہ طیارہ 9W 2374 پرواز کے دوران پھسل گیا. اس میں 154 مسافر اور 7 عملہ کے رکن سوار تھے. ' جیٹ ایئر ویز کے مطابق تمام مسافر محفوظ ہیں اور جنہیں چوٹ لگی ہے انہیں میڈیکل سہولت دی گئی ہے۔