بنگلور6 ؍دسمبر (یو این آئی) کرناٹک کے وزیر اعلیسدرامیا نے تمل ناڈو کی وزیر اعلی جے جے للیتا کے انتقال پررنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریاست نے ایک جرات مند وزیر اعلی کھو دیا ہے ۔مسٹر سدرامیا نے ایک تعزیتی پیغام میں کہا کہ محترمہ جے للیتا نے اپنے کاموں سے لوگوں کے دل و دماغ میں ایک خاص مقام بنا لیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ جے للیتا ایک کثیر صلاحیت والی اداکارہ تھی۔ انہوں نے اپنے فلمی کیریئر میں 140 سے زیادہ فلموں میں کام کیا۔ اتفاق سے ان کی پہلی فلم چنناڈا گومبے کنڑ زبان میں تھی۔انہوں نے کہا کہ محترمہ جے للیتا نے جب پہلی بار تمل ناڈو کی وزیر اعلی کا عہدہ سنبھالا تب وہ یہ عہدہ سنبھالنے والی سب سے نوجوان شخصیت تھیں۔ انہوں نے اپنے دور اقتدار کے دوران رحم مادر میں بچیوں کے قتل کے خلاف 'بے بی فار کریڈل' اسکیم نافذ کی۔مسٹر سددھارمیا نے کہا کہ تملناڈو کے لوگ محترمہ جے للیتا کو ان کی خدمات کے لئے ہمیشہ یاد رکھیں گے ۔ مسٹر سددھارمیا نے محترمہ جے للیتا کی روح کو سکون ملنے کی دعا کی۔اسی درمیان محترمہ جے للیتا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا، وزیر اعلی سددھارمیا، وزیر ڈی کے شیواکمار اور مہادیو پرساد سمیت کرناٹک کے کئی سینئر لیڈر چنئی کے لئے روانہ ہو گئے ہیں۔مسٹر سدرامیااور دیگر وزیر ایک خصوصی طیارے سے چنئی کے لئے روانہ ہوئے ۔کرناٹک کے سابق وزیر اعلی اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ریاستی صدر بی ایس یدی یورپا نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ محترمہ جے للیتا تمل ناڈو کے کروڑوں لوگوں اور حامیوں کے لئے ایک حقیقی ماں تھیں۔ان کا انتقال تملناڈو اور پورے ملک کے لئے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے ۔