لکھنؤ: یکم/ مئی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) یوپی کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ ریاست میں اصلاحات کے لیے روزانہ کچھ بڑے فیصلے لے رہے ہیں۔اب تعلیم کے شعبہ میں اصلاحات کے لیے یوگی آدتیہ ناتھ نے ایک حیران کن فیصلہ لیا ہے۔وزیر اعلی یوگی نے ریاست کے تمام سرکاری اسکولوں میں اساتذہ کی تصویر لگانے کی ہدایت دی ہے۔وزیر اعلی کے اس فیصلے کے بعد افسران اسکولوں کے معائنے کے دوران بچوں کو تصویر دکھا کر پوچھیں گے کہ ٹیچر اسکول میں آتے ہیں یا نہیں؟دراصل اس بات کی شکایات ملتی رہی ہیں کہ کچھ استاتذہ کم پیسوں پر کرایہ کے استاد رکھ لیتے ہیں اور خود چھٹی پر رہتے ہیں۔ذرائع ابلاغ میں گزشتہ سال اس معاملے پر ایک رپورٹ بھی نشرکی گئی تھی، جس پر یوگی حکومت اب ایکشن میں ہے۔یوگی حکومت اب سرکاری اسکولوں میں نیا یونیفارم لانے کی بھی تیاری میں ہے، گلابی رنگ کی قمیص اور نیچے بھورے رنگ کی پتلون یا اسکرٹ پر غور کیا جا رہا ہے۔اکھلیش حکومت میں قمیص خاکی رنگ کی تھی۔و زیراعلی کی کرسی سنبھالتے ہی یوگی آدتیہ ناتھ نے اسے تبدیل کرنے کی ہدایت دے دی تھی، اتنا ہی نہیں اس بار بچوں کو موزے اور جوتے بھی حکومت مفت میں دے گی۔