ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بی جے پی رکن پارلیمان نلین کمار کٹیل کے خلاف اُلال کے کوناجے پولس تھانہ میں کانگریس کی طرف سے شکایت درج

بی جے پی رکن پارلیمان نلین کمار کٹیل کے خلاف اُلال کے کوناجے پولس تھانہ میں کانگریس کی طرف سے شکایت درج

Tue, 03 Jan 2017 02:42:48    S.O. News Service

منگلورو 2/جنوری (ایس او نیوز)جنوبی کینرا کے رکن پارلیمان نلین کٹیل کی اشتعال انگیز تقریر پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے یوتھ کانگریس کے لیڈر متھن رائے نے کہا کہ اگر کٹیل اوران کے حمایتی جنوبی کینر ا میں آگ لگائیں گے تو کانگریس کارکنان اسے بجھانا جانتے ہیں۔

    اس کے ساتھ ہی کوناجے پولیس اسٹیشن میں کٹیل کے خلاف الال بلاک کانگریس کی طرف سے باقاعدہ شکایت درج کردی گئی۔اس موقع پر کانگریس کے سینکڑوں کارکنان کوناجے پولیس اسٹیشن کے سامنے جمع ہوئے اور نلین کمار کٹیل کے بیان کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔وہاں موجود لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے یوتھ کانگریس لیڈر متھن رائے نے کہا عوامی نمائندوں کو چاہیے کہ وہ امن وامان بنائے رکھنے کے لئے کام کریں۔مگر تعجب ہوتا ہے کہ کٹیل جیسے لوگ عوام کوبھڑکانے اور اشتعال دلانے کاکام کررہے ہیں۔

خیال رہے کہ اکتوبر ۶۱۰۲ میں کارتھک رائے پر نامعلوم حملہ آوروں نے قاتلانہ وار کیا جس سے اس کی جان چلی گئی تھی۔ اس کے پس منظر میں رکن پارلیمان مسٹر نلین کٹیل نے پولیس کو دس دن کی مہلت دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر اس عرصے میں ملزمین گرفتار نہیں کیے گئے تو جنوبی کینرا میں آگ لگادی جائے گی۔

مسٹر متھن نے کہا کہ بی جے پی الیکشن سے پہلے تشدد بھڑکانے کی اپنی پرانی ترکیب کا استعمال شروع کردیا ہے۔ہم انہیں ایسے گندے منصوبے میں کامیاب ہونے نہیں دیں گے۔اگر مسٹر کٹیل جنوبی کینرا کو آگ لگانے کام انجام دیں گے تو کانگریس اسے بجھانے کی ذمہ داری سنبھالے گی۔

الال بلاک کانگریس کے صدرسنتوش کمار شیٹی نے سرکل پولیس انسپکٹر کے پاس مسٹر کٹیل کی اشتعال انگیزی کے خلاف شکایت درج کرتے ہوئے کہا ہے کہ کٹیل کے اس بیان سے پورے ضلع میں خوف وہراس پھیل گیا ہے۔اس لیے کٹیل کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی کی جائے۔سنتوش کمار نے بتایا کہ ہم نے پہلے ہی سے ڈسٹرکٹ انچارج وزیر رما ناتھ رائے اور وزیر غذا یوٹی قادرکو میمورنڈم دیا ہوا ہے کہ حکومت کی طرف سے کارتھک مرڈر کیس کی تحقیقات سی او ڈی کو سونپی جائے۔ایسی حالت میں جب کہ اس ضمن میں کوشش ہورہی تھی تو پھر نلین کمار کو اس طرح کی سیاست نہیں کرنا چاہیے تھا۔

کانگریسی لیڈر اور پجیر گرام پنچایت صدر سیتا رام شیٹی، بنٹوال تعلقہ پنچایت کے سابق رکن سیسپا ٹیلر، ضلع پنچایت صدر دھنا لکشمی، بولیار گرام پنچایت صدر ستیش اچاریہ، سابق ایم ایل اے مسٹر کے جئے رام شیٹی،بی جے پی مایناریٹی مورچہ کے ضلع جنرل سکریٹری ڈاکٹر کے اے منیرباوا، سراج الدین، وشوا ہندو پریشد کے گوپال کوُتّار، اور دیگر کئی لیڈران موجود تھے۔احتجاجی مظاہرے سے پہلے سدرشن نگر میں واقع کارتھک کے راج کے گھر سے کوناجے پولیس اسٹیشن تک ایک خاموش جلوس نکالا گیا۔


Share: