بنگلورو۔7نومبر(ایس او نیوز؍صدیق آلدوری) جے ڈی ایس کے ریاستی صدر سابق وزیر اعلیٰ کمار سوامی نے ریاست میں جاری ٹیپو سلطان جینتی تنازعہ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیپو سلطان کی جینتی منانے سے کیا فائدہ ہونے والا ہے اوراگر نہ منائی جائے گی تو کیا نقصان ہونے والا ہے ۔ اس وقت برسراقتدار کانگریس اور اپوزیشن بی جے پی دونوں ہی اپنے اپنے سیاسی فائدے کے لئے اس معاملے پر واویلا مچارہے ہیں ۔اس وقت ریاست کے عوام کئی سنگین مسائل سے دوچار ہیں اور دوسری جانب حکومت اوربی جے پی دونوں ٹیپو جینتی کے معاملہ کو لے کر ایک دوسرے کے مقابل کھڑے ہوگئے ہیں ۔بی جے پی نے کہا ہے وہ جینتی منانے نہیں دیں گے ۔کل ریاست بھر میں احتجاج کریں گے ۔ حکومت کہہ رہی ہے کہ ہرحال میں ٹیپو جینتی مناکر دکھائیں گے ۔جے ڈی ایس کو اقتدار سے دور رکھنے کانگریس اور بی جے پی میں خفیہ سمجھوتہ کے تحت یہ واویلا مچایا جارہا ہے ۔