ممبئی، 25/جنوری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی)انتخابات کے لیے بی جے پی کے ساتھ اتحاد کے بارے میں شیوسینا 26/جنوری کو فیصلہ کرے گی۔دونوں جماعتوں کے درمیان بات چیت ابھی کسی نتیجے پر نہیں پہنچی ہے۔سامنا میں کئی بار اپنے اداریہ کے ذریعہ شیو سینا مرکزی حکومت پر حملہ بولتی رہی ہے۔ایسے ہی ایک اداریے میں کہا گیا تھا کہ اقتدار کے غرور والے خاک میں مل جائیں گے۔واضح رہے کہ کچھ دنوں پہلے ادھو ٹھاکرے نے پارٹی کارکنوں سے اکیلے ہی الیکشن میں جانے کے لیے تیار رہنے کو کہا تھا۔مانا جا رہا ہے کہ مرکز میں بی جے پی اپنی اتحادی پارٹی شیوسینا کے لیڈروں کی توہین کرتی آئی ہے۔ساتھ ہی ریاست میں بھی حکمراں بی جے پی، شیو سینا کے تئیں کچھ ایسا ہی موقف اپنا رہی ہے۔اسی وجہ سے شیو سینک دونوں پارٹیوں کا اتحاد نہیں چاہتے ہیں۔شیوسینا کو یہ بھی اندیشہ ہے کہ مرکز اور ریاست میں حکمراں بی جے پی، حالیہ بلدیاتی انتخابات میں ملی جیت سے حوصلہ افزائی ہوکر بی ایم سی انتخابات میں زیادہ سیٹوں کا مطالبہ نہ کر دے۔شیوسینا کے ایک لیڈر نے یہاں تک کہا ہے کہ اس بار ادھو ٹھاکرے صاف کر چکے ہیں کہ بی ایم سی انتخابات میں کم سیٹوں پر الیکشن نہیں لڑیں گے، اگر بی جے پی کو اتحاد کرنا ہے تو کوئی مناسب فارمولہ ہی کارگر ثابت ہوگا۔ایک امکان یہ بھی ہے کہ دونوں پارٹیاں الگ الگ انتخابات لڑ کر انتخابات کے بعد اتحاد کر سکتی ہیں۔