بسوریا/بہرائچ، 11دسمبر(آئی این ایس انڈیا/ایس او نیوز)وزیر اعظم نریندر مودی نے اپوزیشن جماعتوں پر نوٹ بندی کے معاملے پر سچ کو دبانے کی کوشش کرنے کا الزام لگاتے ہوئے آج کہا کہ یہ لوگ کسی بھی صورت میں ایمانداری کے راستے پر نہیں آنا چاہتے، لیکن ایمانداروں کے طفیل سے وہ اس جنگ کوضرور جیتیں گے۔وزیر اعظم نے خراب موسم کی وجہ سے ہیلی کاپٹر نہ اتر پانے کی وجہ سے موبائل فون پر دیے خطاب میں کہاکہ اپوزیشن پارٹیاں ہمیں حکومت کی بات بتانے سے روک رہی ہیں،ہم ان سے پارلیمنٹ میں کہتے ہیں کہ آؤ بحث کریں لیکن منصوبہ بند طریقے سے اسپیکر کے سامنے آنے اور شور مچانے کام ہو رہا ہے،ایک طرح سے سچ کو دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم ایمانداری کے لئے لڑ رہے ہیں لیکن یہ لوگ کسی بھی حالت میں ایمانداری کے راستے پرنہیں آنا چاہتے۔یہ پہلا موقع ہے جب ایس پی اور بی ایس پی والے ایک ہی زبان بول رہے ہیں،پہلی بار کالے دھن اوربدعنوانی کے خلاف ہم جو جنگ لڑ رہے ہیں، اس کے خلاف ایس پی اور بی ایس پی ایک سر میں بول رہے ہیں،ان دونوں جماعتوں کو نوٹ بندی سے مشکل ہوئی ہے،یوپی کی عوام اس بات کو خوب جانتی ہے، اس لئے میں زیادہ کچھ نہیں کہناچاہتا۔مودی نے موبائل پر دی اپنی تقریر کو موبائل بینکنگ سے جوڑتے ہوئے کہا کہ آج ایمانداری کے راستے پر جانے کے لئے ملک کا عام شہری تکلیفیں برداشت کر رہا ہے جبکہ بے ایمان لوگوں کو دوسری طرح کی پریشانیاں ہو رہی ہیں۔
مودی نے یقین ظاہر کیا کہ ایماندار شہریوں کی مدد سے وہ ایمانداری کی جنگ جیتیں گے۔انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت بے ایمانوں کے پیچھے پڑی ہے،روزانہ بڑے بڑے بینک والے اور بابو پکڑے جا رہے ہیں،یہ حکومت غریبوں کی ہے، غریبوں کیلئے ہے اور جن جن لوگوں نے غریبوں کو پریشان کیا، اس طرح بے ایمانوں کے خلاف ہم کام کر رہے ہیں۔مودی نے اتر پردیش کی اکھلیش یادو حکومت کو قانون نظام کے معاملے پر گھیرتے ہوئے کہا کہ آج اس ریاست کے حالات غنڈہ راج میں تبدیل ہو گئے ہیں،ہر شخص جرم سے پریشان ہے،پولیس بھی ایسے لوگوں کو نہیں روک پا رہی ہیے،کہیں کہیں پولیس والے غنڈوں کی مدد بھی کرتے ہیں،اگر اس ریاست کو آگے لے جانا ہے توغنڈوں کے محافظ کو ہٹانا پڑے گا،میں یقین دلاتا ہوں کہ بی جے پی اپنے خواب کو پورا کر کے رہے گی۔وزیر اعظم نے بہرائچ کے ساتھ جذباتی لگاؤ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ خراب موسم کی وجہ سے وہ ریلی کے مقام پر نہیں اتر سکے۔بہرائچ کے ساتھ ان کا بے حد محبت کا ناطہ رہا ہے،وہ جلد ہی دوبارہ یہاں آناچاہیں گے،یہ موسم کا تقاضہ ہے لیکن موبائل فون سے میں آپ تک پہنچ گیا ہوں۔اس سے پہلے وزیر اعظم کا ہیلی کاپٹر خراب موسم کی وجہ سے تقریبا 30منٹ تک ہوا میں اڑتا رہا،اس درمیان اسٹیج سے بار بار اعلان ہوتا رہا کہ وزیر اعظم جلد ہی آپ سب کے درمیان آنے والے ہیں۔بہر حال ہوائی ٹریفک کنٹرول پینل نے ہیلی کاپٹر کو خراب موسم کی وجہ سے اترنے کی اجازت نہیں دی،اس کے بعد مودی نے بی جے پی کے صوبائی صدر کیشو پرساد موریہ سے بات کی اور موبائل فون سے خطاب کرنے کا فیصلہ کیا۔