ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل ہائی وے کی نگرانی کے لئے پولس وہیکل کا آج افتتاح؛ حادثات ہونے کی صورت میں سو نمبر ڈائل کرنے پر فوری پہنچے گی مدد

بھٹکل ہائی وے کی نگرانی کے لئے پولس وہیکل کا آج افتتاح؛ حادثات ہونے کی صورت میں سو نمبر ڈائل کرنے پر فوری پہنچے گی مدد

Tue, 21 Feb 2017 17:02:37    S.O. News Service

بھٹکل 21/ فروری (ایس او نیوز) بھٹکل تعلقہ نیشنل ہائی وے پر مکمل نگرانی کے لئے آج یہاں شمس الدین سرکل پر " ہائی وے پٹرول پولس" کا افتتاح کیا گیا جس کے تعلق سے گفتگو کرتے ہوئے بھٹکل ڈی وائی ایس پی شیوکمار نے بتایا کہ پولس کی یہ سواری اب چوبیسوں گھنٹے نیشنل ہائی وے پر ہر طرح کی سرگرمیوں پر نظر رکھے گی، بالخصوص حادثات ہونے کی صورت میں 100 نمبر ڈائل کرنے پر فوری موقع واردات پر پہنچ کر ہر طرح کا تعائون فراہم کرے گی۔ ڈی وائی ایس پی نے بتایا کہ پولس کی اس وہیکل پر زخمیوں کو فوری طور پر مقامی اسپتال میں منتقل کیا جاسکے گا اسی طرح دیگر معاملوں میں بھی پولس کی مدد درکار ہو تو 100 نمبر ڈائل کرنے پر یہ گاڑی عوام کی مدد کے لئے پہنچ جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ BSNL کے لینڈ لائن سے 100 ڈائل کرنے پر بھٹکل میں موجود پولس اہلکاروں کو کال جائے گا، البتہ موبائل سے 100 نمبر ڈائل کرنے کی صورت میں کال پہلے کاروار ہیڈکوارٹر جائے گا، پھر وہاں سے بھٹکل پولس کو فون موصول ہوگا۔

کاروار کال جانے پھر وہاں سے بھٹکل فون موصول ہونے پر تاخیر ہونے کا خدشہ ظاہر کئے جانے پر  انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں انہوں نے بی ایس این ایل حکام کو درخواست نامہ روانہ کیا ہے جس میں درخواست کی گئی ہے ایسی سہولت فراہم کی جائے کہ عوام بھٹکل سے موبائل کے ذریعے 100 نمبر ڈائل کرنے  پر بھٹکل پولس کو ہی کال جائے۔

ہائی وے پٹرول پولس کی متعلقہ وہیکل کا افتتاح بھٹکل ٹائون میونسپل صدر محمد صادق مٹا کے ہاتھوں ہوا۔ انہوں نے گرین جھنڈا لہراتے ہوئے اس وہیکل کو آگے بڑھنے کا سگنل دیا۔ اس موقع پر بھٹکل سرکل پولس انسپکٹر سریشن نائک، ہوناور سرکل پولس انسپکٹر کماراسوامی، بھٹکل تحصیلدار وی این باڈکر، مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل کے جنرل سکریٹری محی الدین الطاف کھروری، نائب صدر عنایت اللہ شاہ بندری سمیت دیگر کافی لوگ موجود تھے۔


Share: