بھٹکل 25/جنوری (ایس او نیوز)ایک مدت سے مسلسل مطالبہ کے بعد ڈونگر پلی کی سڑک میونسپالٹی کی طرف سے تعمیر تو کی گئی مگر ابھی اس پر آمد و رفت شروع بھی نہیں ہوئی ہے کہ سڑک پر تازہ گڈھے نظر آنے لگے ہیں، جس کے خلاف وہاں کے مقامی لوگوں نے میونسپالٹی کے چیف افیسر اور صدر کو میمورنڈم پیش کیا ہے۔
نوجوان اتحاد کمیٹی، مون اسٹار اسپورٹس سینٹر، مسجد خضر اور ڈونگر پلّی کے عوام کی طرف سے بلدیہ کے ذمہ داران کی توجہ اس طرف مبذول کروائی گئی ہے کہ یہاں مناسب سڑک نہ ہونے کی وجہ سے برسوں سے لوگ پریشان تھے۔عوام کے مطالبے پر بلدیہ کی طرف سے تقریباً 12لاکھ روپے کے تخمینے سے یہاں سڑک تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایا گیا اور تعمیر کا کام بھی آٹھ دس دن پہلے مکمل ہوگیا ہے۔ لیکن اس پر آمد و رفت ابھی شروع نہیں ہوئی ہے۔اور اس نئی تعمیر شدہ سڑک پر ابھی سے گڈھے نظر آنے لگے ہیں جس سے انتہائی غیر معیاری کام کی نشاندہی ہورہی ہے۔میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ ہم لوگ ایک اچھی اور معیاری سڑک کی توقع کررہے تھے مگر اس طرح کی غیر معیاری تعمیر سے ہمیں بہت ہی مایوسی ہوئی ہے۔اس لئے بلدیہ کے افسران موقع پر پہنچ کر تعمیری کام کی کوالٹی کاجائزہ لیں اور ٹھیکیدار سے اس سڑک کو صحیح ڈھنگ سے تعمیر کرنے کے لئے کہیں اور تب تک اس کے بل کی ادائیگی نہ کی جائے۔

میمورنڈم میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بلدیہ کے ذمہ داران متعلقہ مسئلے میں عوام کا مطالبہ اگر پورا نہیں کرتے تو پھر بلدیہ دفتر کے سامنے عوامی احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔
میونسپل صدر محمد صاد ق مٹا نے میمورنڈم کو وصول کیا،اس موقع پر انہوں نے یقین دلایا کہ وہ انجینر اور ٹھیکیدارسمیت دیگر ذمہ داران کے ساتھ متعلقہ جگہ پر پہنچ کرکام کا جائزہ لیں گے اور مناسب قدم اُٹھائیں گے۔ نائب صدر محمد اشفاق کے ایم، سمیت دیگر ذمہ داران اس موقع پر موجود تھے، جبکہ ڈونگرپلی کی طرف سے نوجوان اتحاد کمیٹی کے جنرل سکریٹری عنایت اللہ گوائی، دیگر عہدیداران جاوید احمد حاجی فقیہ، محمد شمعون حاجی فقیہ، عبدالوہاب، محمد جلال و دیگر نوجوان موجود تھے۔