بھٹکل30/ دسمبر (ایس او نیوز) بھٹکل میں سلطان ویلفئر یوتھ اسوی ایشن کی جانب سے انٹر ڈسٹرکٹ کبڈی کا عظیم الشان ٹورنامنٹ مورخہ 6 / جنوری سے شروع ہورہا ہے جس میں بنگلور، دائونگیرے، مینگلور اور اُڈپی سمیت ریاست کی بڑی بڑی ٹیمیں شرکت کررہی ہیں۔ ٹیپو سلطان ٹرافی کے نام پر منعقدہ یہ سہ روزہ ٹورنامنٹ ڈے اینڈ نائٹ ہوگا اور شام چار بجے سے میچس شروع ہوکر رات بارہ بجے اختتام کو پہنچیں گے۔ ان تمام باتوں کی جانکاری سلطان ویلفئیر کے جنرل سکریٹری عبدالسمیع میڈیکل نے دی۔ ٹورنامنٹ نوائط کالونی میں واقع تعلقہ اسٹڈیم المعروف وائی ایم ایس اے میدان میں رکھا گیا ہے، جہاں خوبصورت کبڈی اسٹڈیم کے اندر تمام میچس کھیلے جائیں گے۔
سلطان ویلفئیر یوتھ اسوسی ایشن کے دفتر میں بلائی گئی پریس کانفرنس میں انہوں نے بتایا کہ ٹورنامنٹ میں جملہ 25 ٹیموں کو شریک کرنے کا ارادہ ہے جس میں دس ٹیمیں بھٹکل کی ہوں گی۔ ہرٹیم میں علاقائی کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ ضلع کے باہر کے تین کھلاڑیوں کو اپنی ٹیم میں شامل کرکے اپنی ٹیم کو مضبوط کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔
ٹورنامنٹ کا فائنل مقابلہ 8/ جنوری کو کھیلا جائے گا۔ جس میں فائنل جیتنے والی ٹیم کو نقد انعام 55,555 روپیہ مع ٹرافی سے نوازا جائے گا۔ رنرز آپ ٹیم کو ٹرافی سمیت 33,333 نقد انعام دینا طے کیا گیا ہے، تیسرے اور چوتھے نمبر پر آنے والی ٹیموں کو بھی انعامات سے نوازا جائے گا۔ اس کے علاوہ ۔پلئیر آف دی ٹورنامنٹ، بیسٹ رائیڈر اور بیسٹ کیچر سمیت کافی دیگر اعزازات سے کھلاڑیوں کو نوازا جائے گا۔
جناب عبدالسمیع نے بتایا کہ ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب کے لئے مشہور کبڈی کھلاڑی کو مہمان خصوصی کے طور پر مدعو کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، اس ضمن میں ابھی حتمی فیصلہ نہیں لیا گیا ہے۔ توقع کی جارہی ہے کہ ٹورنامنٹ نہایت شاندار ہوگا اور عوام کو تفریح فراہم کرنے میں کامیاب ہوگا۔
پریس کانفرنس میں سلطانی ویلفئیر یوتھ اسوسی ایشن کے صدر عبدالعظیم محتشم منڈے، سکریٹری مولوی ابوبکر تونسے ندوی، عنبر کوبٹے، تعلقہ کبڈی اسوسی ایشن کے شری دھر نائک سمیت دیگر کافی ذمہ داران موجود تھے۔