بھٹکل 27 دسمبر (ایس او نیوز) یہاں انفال سوپر مارکٹ کے قریب نیشنل ہائی وے پرایک آٹو رکشہ تیز رفتاری کی وجہ سے بے قابو ہوکر ایک شخص سے ٹکراکراُسی پر اُلٹ گیا، جس کے نتیجے میں راہ گیر بہت بری طرح زخمی ہوگیا جسے فوری طور پر بھٹکل سرکاری اسپتال میں ابتدائی طبی امداد پہنچانے کے بعد اُڈپی روانہ کیا گیا ہے۔ زخمی شخص کی شناخت محمد ناطق لونا (50) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ رکشہ اُلٹنے کے نتیجے میں رکشہ ڈرائیور کو بھی چوٹیں آئی ہیں، جس کی شناخت منجوناتھ دیویندرا دیواڑیگا کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ ناطق اپنے مکان کے باہر غالباً ہائی وے کو کراس کرنے کے ارادے سے ٹہرا تھا کہ شرالی سے سرکل کی طرف جانے والا ایک آٹو رکشہ تیز رفتاری کے ساتھ اس سے ٹکراگیا۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ رکشہ کی رفتاراتنی تیز تھی کہ ٹکر مارتے ہی رکشہ پلٹی کھاگیا، جس کی وجہ سے ناطق کے سرکو شدید چوٹ لگی۔ اسے فوری طور پر پہلے سرکاری اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ناطق کی حالت نازک بتائی، اور اسے فوری طور پر مینگلور یا اُڈپی لے جانے کی صلاح دی۔
اطلاع ملتے ہی کافی نوجوان سرکاری اسپتال کے باہر جمع ہوگئے، بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے صدر امتیاز اُدیاور بھی اسپتال پہنچ کر فوری طور پر ایمبولینس کا بندوبست کرایا۔ خبر ملتے ہی بھٹکل ٹائون پولس تھانہ کے پی ایس آئی کوڈگونٹی بھی اسپتال پہنچ کرضروری تفصیلات حاصل کی۔ بتایا گیا ہے کہ آٹو رکشہ بالکل نیا تھا اور نمبر پلیٹ بھی نہیں لگا تھا۔ ٹائون پولس تھانہ میں رکشہ ڈرائیور کے خلاف معاملہ درج کیا گیا ہے ۔