بنگلورو،21؍فروری(ایس او نیوز) ملک کی آئی ٹی بی ٹی راجدھانی بنگلور سرمایہ کاری کیلئے ملک کا پسندیدہ مقام بن چکی ہے۔ یہ بات آج وزیر اعلیٰ سدرامیا نے کہی۔ناگوار میں تعمیر شدہ بی آئی جی ای انٹرپرائزز آپریشنس کمپنی کا افتتاح کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ شہر بنگلور میں بین الاقوامی اور قومی کمپنیوں کو سرمایہ کاری کیلئے ساز گار ترین ماحول دستیاب ہے، ریاستی حکومت بھی سرمایہ کاری کو بڑھاوا دینے ان کمپنیوں کو ہر طرح کی سہولتیں اور ترغیبات مہیا کرارہی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ وی آئی جی ای نامی کمپنی جس کا ہیڈکوارٹر ممبئی میں تھا، اس نے اب اپنی سرگرمیاں بنگلور منتقل کرلی ہیں۔اس سے شہریان بنگلور کو روزگار کے اور مواقع میسر آسکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ملک بھر میں صنعتی سرگرمیوں اور پیش رفت کے اعتبار سے کرناٹک کو غیر معمولی فوقیت حاصل ہے۔ اسی لئے دنیا بھر کے سرمایہ کار اپنی صنعتوں کیلئے بنگلور کو منتخب کررہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے آواز دی کہ شہر بنگلور کی ترقی کیلئے نجی شعبہ حکومت کا ہاتھ بٹائے، حکومت بھی انہیں ہر طرح کی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔