ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / برازیل:20سال تک سرکاری اخراجات پر قدغن کی تجویز منظور

برازیل:20سال تک سرکاری اخراجات پر قدغن کی تجویز منظور

Thu, 15 Dec 2016 11:30:24    S.O. News Service

برازیلیا ،14؍دسمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)برازیل کی سینیٹ نے صدر مائیکل ٹمر کی طرف سے پیش کی گئی تجویز کو منظور کرتے ہوئے ملک میں آئندہ 20سالوں کے لیے عوامی منصوبوں پر اخراجات کو روک دیا ہے۔صدر کی اس تجویز کا مقصد بجٹ خسارے کو قابو میں لانے اور ملک کی اقتصادی حالت کو بہتر کرنا بتایا جاتا ہے۔اس اقتصادی منصوبے کی منظوری صدر ٹمر کی حکومت کے لیے خوش آئند ہے جسے بدعنوانی کے الزامات اور اقتصادی بے چینی کی وجہ سے شہریوں کے اضطراب کا سامنا ہے۔منگل کو سینیٹ میں بائیں بازو کے ارکان اس تجویز کو ممکنہ حد تک موخر کرنے کے خواہاں تھے لیکن رائے شماری کے نتیجے میں 16کے مقابلے میں 53ووٹوں سے اسے منظور کر لیا گیا۔ٹمر کا کہنا تھا کہ آئین میں ترمیم کر کے اخراجات کو محدود کیے جانے کا اقدام غیرمعمولی ہے اور اس کے بعد ملک کے فراخدلانہ پینشن سسٹم میں اصلاحات کی جائیں گی۔ان کا کہنا تھا کہ حکمرانی کے لیے آپ کو ہمت چاہیے ہوتی ہے اور ہم میں ہمت ہے۔سینیٹرز کو ابھی اس بل کی بعض شقوں پر رائے شماری کرنی ہے جن میں تعلیم اور صحت کے شعبوں کو اخراجات کی پابندی سے مبرا رکھنا شامل ہے۔حکومت کے اس اقدام کے خلاف پہلے ہی مظاہرے ہو رہے ہیں اور منگل کو بھی برازیل کی کانگریس کے باہر ایک بڑا مظاہرہ دیکھنے میں آیا جس میں مزدور یونینز اور بائیں بازو کے گروپس شامل تھے۔مظاہرین کا موقف ہے کہ ان کٹوتیوں سے تعلیم اور صحت کے شعبے متاثر ہوں جو کہ برازیل کے غیر طبقے کے لیے بہت تکلیف دہ امر ہے۔


Share: